لاہور (خبر نگار)لارڈ میئر بلدیہ عظمیٰ لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید کی احکامات پر شدید بارش میں بھی چیف آفیسر بلدیہ عظمیٰ سردار نصیر احمد کی زیر نگرانی ایم او (آر) احسان سرور زیدی، ڈپٹی چیف آفیسر داتا گنج بخش زون، ڈپٹی چیف آفیسر گلبرگ زون، ڈپٹی چیف آفیسر سمن آباد زون اور زونل آفیسر (ریگولیشن) داتا گنج بخش زون نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا۔ دوران آپریشن ہال روڈ پرجن دکانداروں نے اپنی دکانوں کے آگے پختہ تجاوزات قائم کی ہوئی تھیں ان کو مسمار کیا گیا اور1 ٹرک سامان قبضہ میں لے کر سٹور میں جمع کروا دیا گیا جبکہ غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ 15تھڑے اور 7 سیڑھیوں کو مسمار کیا گیا۔