برازیلین سٹارنیمار بہترین ’’فٹبالر یا اداکار‘‘ آسکر ایوارڈ کیلئے امیدوار قرار

Jul 04, 2018

ماسکو (سپورٹس ڈیسک )برازیل کے اسٹار فٹبالر نیمار جونئیر کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں مگر لگتا ہے کہ اب لوگ انہیں کھیل کی بجائے فیلڈ میں ان کی 'اداکاری' کو زیادہ پسند کرنے لگے ہیں۔جی ہاں یہ مذاق نہیں درحقیقت بیشتر افراد تو نیمار کو 2019 کے آسکر ایوارڈز کے لیے بہترین امیدوار بھی قرار دینے والے ہیں اور یہ فٹبالر کسی بھی میچ میں اپنے مداحوں کو مایوس نہیں کررہے۔درحقیقت 2018 کے فٹبال ورلڈ کپ میں برازیل کے ہر میچ میں نیمار نے اپنے کھیل کے ساتھ فرضی انجری کے 'شاندار مظاہرے' کیے ہیں۔سوئٹزر لینڈ کے خلاف میچ میں تو سوئس ٹیم کے دفاعی کھلاڑیوں نے نیمار کو کھل کر کھیلنے ہی نہیں اور انہیں مسلسل گھیر کر رکھا گیا اور یہاں وہاں گراتے رہے، جبکہ ریفری کی جانب سے بھی انہیں زیادہ تحفظ نہیں ملا، جس پر بھی سوشل میڈیا پر کافی پرمزاح ٹوئیٹس سامنے آئیں۔مگر نیمار کا اصل 'جادو' کوسٹا ریکار کے خلاف میچ میں دیکھنے میں آیا، جس میں انہوں نے مخالف ٹیم کے گول پوسٹ کے پاس ایسے گرنے کا شاندار مظاہرہ کیا کہ ریفری نے پنالٹی کک دے دی مگر نئے ویڈیو اسسٹنٹ ریفری سسٹم میں برازیلین کھلاڑی کی چالاکی پکڑی گئی اور پنالٹی واپس لے لی گئی۔سربیا کے خلاف میچ میں بھی نیمار کی ایک اور پرفارمنس نے سوشل میڈیا کو ہنسنے پر مجبور کردیا۔میچ کے 32 ویں منٹ میں سربیا کے کھلاڑی کی جانب سے نیمار کو روکا گیا تو انہوں نے زمین پر بہت دور تک گھومتے چلے جانے کا ایسا مظاہرہ کیا کہ سب دنگ رہ گئے اور ریفری بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے کیونکہ سربیا کے کھلاڑی کو یلو کارڈ دکھا دیا گیا۔ایسا ہی برازیلین کھلاڑی کی جانب سے گزشتہ روز میکسیکو کے خلاف پری کوارٹر فائنل میچ میں بھی دیکھنے میں آیا جب 71 ویں منٹ میں میکسیکن کھلاڑی میگوئل لیون نے نیمار کو سائیڈ لائن کے قریب گرایا۔اس وقت جب نیمار گھاس پر لیٹے ہوئے تھے، میگوئل وہاں آئے اور گیند کو اٹھاتے ہوئے اپنا پاوں نیمار کے ٹخنے پر رکھ دیا۔یقیناً یہ کوئی اچھا اقدام نہیں تھا مگر نیمار کے ردعمل نے ڈرامے کو ایک نئی بلندی پر پہنچا دیا۔وہ مچھلی کی طرح ٹرپتے رہے، مگر وہ کتنی بری طرح زخمی ہوئے؟ اتنی بری طرح کہ 15 منٹ بعد برق رفتاری سے دوڑتے ہوئے برازیل کے دوسرے گول کی راہ ہموار کی، جو کہ یقیناً میجک اسپرے کا ہی جادو ہوگا۔

مزیدخبریں