سوات(نامہ نگار)سوات کی وادی کالام میں نامعلوم افراد کی جانب سے قرآن مجید کی بے حرمتی پر اہل علاقہ میں شدید اشتعال پھیل گیا اور تحصیل چوک میں دھرنا دے کر احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے پولیس حکام اور ذمہ داران سے قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے والوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی جائے وقوعہ پہنچی اور ملوث افراد کو گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ واقعہ کے حوالے سے ایس ایچ او تھانہ کالام فضل ربی کا کہنا ہے کہ پولیس نے ٹیم تشکیل دی ہے اور قرآن مجید کی بے حرمتی کرنے والوں کو جلد گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا، واضح رہے کہ پچھلے سال بھی اس طرح کے واقعات رونما ہوئے تھے جس میں قرآن مجید کو جھاڑیوں میں پھینکا گیا تھا، واقعے پر مقامی لوگوں میں سخت اشتعال پایا جاتا ہے اور انہوں نے اسے علاقے میں مذہبی منافرت پھیلانے کی سازش قرار دیتے ہوئے انتظامیہ کو دو دن کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث افراد کا کھوج لگا کر لوگوںکے مذہبی جذبات کو بھڑکانے والوںکو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔