ڈی جی فوڈ اتھارٹی کو ہٹانے کیخلاف در خواست، ہائیکورٹ نے چیف سیکرٹری سے کل جواب مانگ لیا

Jul 04, 2018

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے نگران حکومت پنجاب کی جانب سے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نور لامین مینگل کو عہدے سے ہٹانے کے خلاف دائر درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل 5 جولائی کو جواب طلب کر لیا۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا گیا کہ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل وفاقی حکومت کے ملازم ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2011 کے سیکشن 10 کی ذیلی شق ایک کے تحت نوراالامین مینگل کی خدمات وفاق نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے سپرد کیں، انہوں نے کہا کہ نگران حکومت پنجاب نے کسی قانونی ضابطے کے بغیر سیاسی بنیادوں پر نورالامین مینگل کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے تبادلہ کردیا۔ عدالت نے کہا کہ اگر نور الامین مینگل نے چارج نہیں چھوڑا تو وہ تاحکم ثانی بطور ڈی جی فوڈ اتھارٹی کام کرتے رہیں گے۔

مزیدخبریں