راولپنڈی(آئی این پی )جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے اس بات کا اعادہ کیا ہے مسلح افواج خطے کی بدلتی صورتحال سے مکمل آگاہ ہیں اور قومی سلامتی کیلئے ہرممکن اقدامات کریں گی، مسلح افواج فریقین اور پاکستان کی عوام کی مدد سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کو جڑ سے اکھاڑپھینکیں گی۔ کمیٹی نے سی پیک کی مکمل سکیورٹی کیلئے بھی اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کی زیر صدارت جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز میںجوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان ،وزارت دفاع، وزارت دفاعی پیداوار اور تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ کمیٹی کو علاقائی سکیورٹی صورتحال اور روایتی و غیر روایتی صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا مسلح افواج خطے کی بدلتی صورتحال سے مکمل آگاہ ہیں اور قومی سلامتی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گی۔ شرکاء نے ملک کی اندرونی سکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔کمیٹی نے مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں اورکارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور شہداء کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کو بھی سراہا جس کے نتیجے میں ملک بھر میں امن قائم ہوا۔ کمیٹی نے پاکستان افغانستان دوطرفہ امن کے عمل کوبھی سراہا اورکہا افغان بارڈر پر لگائی جانے والی باڑکے عمل کو ہر صورت مکمل کیا جائے گا۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے سکیورٹی اور ڈیفنس کے چیلنجز سے نمٹنے پر تینوں مسلح افواج کے درمیان تعاون کو بھی سراہا۔
مسلح افواج عوامی مدد سے دہشت گردی ، انتہاپسندی کوجڑسے اکھاڑپھینکیں گی :عسکری قیادت
Jul 04, 2018