ایک لاکھ10 ہزار رجسٹرڈ کاشتکاروں کو سمارٹ فون اور 3G/4G سم کارڈفراہم کرنے کا فیصلہ

راولپنڈی (نیوزرپورٹر) محکمہ زراعت پنجاب،انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور ٹیلی نار پاکستان کے اشتراک سے کنیکٹڈایگریکلچر پلیٹ فارم (CAPP ( کے پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں کسان پیکج کے تحت1 لاکھ10 ہزار رجسٹرڈ کاشتکاروں کو سمارٹ فون اور 3G/4G سم کارڈفراہم کر رہا ہے جن کے ذریعے زرعی توسیعی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ محکمہ زراعت پنجاب اس سمارٹ فون کے ذریعے کاشتکاروں کو جدید پیداواری ٹیکنالوجی کی فراہمی یقینی بنائے گا ۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق اس ضمن میںمحکمہ زراعت پنجاب جدید ٹیکنالوجی کو کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے موثر انتظامات کر رہی ہے تاکہ کاشتکار اپنی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کر سکیں۔ محکمہ زراعت کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے بھرپوراقدامات کر رہا ہے تاکہ ہمارا ملک غذائی پیداوار میں مستقل بنیادوں پر خود کفیل ہو ۔ بے زمین اورمزراعین کیلئے یہ سمارٹ فونز500/- روپے جبکہ اراضی مالکان کیلئے صرف1000/- روپے کی معمولی رقم میں دستیاب ہیں جس کے بعدکاشتکار زراعت کے ایک نئے اور جدید دور میں داخل ہوئے ہیں۔اس تمام تر عمل میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور ٹیلی نار پاکستان محکمہ زراعت کے ہم قدم شریک ہیں ۔ان سمارٹ فونز میں وہ تمام ایپلکشنز موجود ہیں جن کے ذریعے کاشتکار ایک " ڈیجٹیل ایکو سسٹم" (Digital Eco System)کے تحت زرعی تحقیق کے نتائج، فصلوں کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی،موسمیاتی تبدیلیوں ،حکومتی سبسڈی ،منڈیوں کے بھائو،زرعی ماہرین سے رابطہ،کراپ کیلنڈر اور زرعی کسان ٹی وی سمیت بہت ساری معلومات سے گھر بیٹھے مستفید ہورہا ہے۔ ان سمارٹ فونز میں ہر ماہ1GB فری انٹرنیٹ کے علاوہ وائس اور ایس ایم ایس بکٹ کی سہولت بھی دستیاب ہے۔محکمہ زراعت پنجاب کے قائم کردہ "سہولت سنٹرز "سے سمارٹ فونز کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سہولت بوتھس پر کاشتکاروںکو ان سمارٹ فون کے استعمال بارے بھی تربیت فراہم کی جارہی ہے ۔اسی فون میں کسان ٹی وی ایپلکیشن کے ذریعے کاشتکاروں کو فصلوں کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے متعلق ویڈیوز بھیجی جارہی ہیںتاکہ کاشتکار اپنی فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کر سکیں۔

ای پیپر دی نیشن