اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں کھوکھوں کو گرانے کیلئے جاری سی ڈی اے آپریشن کو درست قرار دیتے ہوئے 485 کھوکھا مالکان کی درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔ گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کی تو سی ڈی اے کی طرف سے ایڈیشنل لیگل ایڈوائزر عادل عزیز قاضی نے اسلام آباد کا ماسٹر پلان اور 485 کھوکھوں کی تفصیلات عدالت میں پیش کیں۔ اس موقع پر جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ کھوکھوں کے حوالے سے سی ڈی اے نے نہ قانون بنایا نہ بورڈ سے منظوری لی۔ اس پروکیل عادل عزیزقاضی نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے ماسٹر پلان میں کھوکھے موجود نہیں ہیں اور سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایت پر تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا ہے۔