لاہور (نیوز رپورٹر) شہبازشریف نے عمران خان کو ’’سائیڈ لائن پرائم منسٹر‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ پر نیب اور اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے مقدمہ بنانے میں ناکامی کے بعد عمران نیازی نے مخبر بن کر منشیات کا جعلی، جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ ان پر بنایا۔ رانا ثناء اللہ کی ہارٹ سرجری ہوئی ہے، ان کو کھانا، پانی اور دوائی فراہم نہ ہونا افسوسناک اور ظلم ہے۔ درد دل رکھنے والے پاکستانی اور اداروں سے اپیل ہے کہ رانا ثناء اللہ کی زندگی کے لئے ناگزیر خوراک، دوائی ان کو فوری طورپر فراہم کی جائے۔ خدا نخواستہ رانا ثناء اللہ کو کچھ ہوا تو ذمہ دار عمران نیازی اور ان کی حکومت ہوگی۔ عمران نیازی میں ہٹلر کے جراثیم ہیں، وہ فاشسٹ ہیں۔ معیشت تباہ و برباد ہوچکی، کوئی سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں اور ملک سے سرمایہ نکل رہا ہے، آئی ایم ایف کے حکم پر روپے کی قدر کم کی گئی، ڈالر کی مانگ بڑھ گئی، اب وہ قابو نہیں آرہا۔ عمران نیازی اب سرمایہ کاروں کے پاس قرآن پاک بھی لے کر چلے جائیں تو وہ ان پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں۔ یہ ہے سب سے بڑا کلہاڑا جو اس ملک کی معیشت پر چلایا جارہا ہے۔ اے پی سی میں فیصلہ کے تحت رہبر کمیٹی کی تشکیل ہورہی ہے جس میں عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ مسلم لیگ (ن) عوام کے حقوق کے لئے عمران نیازی کے راستے کی دیوار ہے، اس لئے ہم نشانہ ہیں لیکن عوام کے حق کی بات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے خواہ کچھ بھی ہوجائے۔ وہ رانا ثناء اللہ کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگوکررہے تھے۔ شہباز شریف نے بیگم رانا ثناء اللہ اور ان کے اہلخانہ کو تسلی دی۔ شہبازشریف نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ رانا ثناء اللہ کے خلاف یہ ایک جعلی مقدمہ ہے۔ شہباز شریف نے وزیراعظم کو مخاطب کرکے کہا کہ عمران نیازی کیا یہ ہے آپ کا ریاست مدینہ کا تصور؟ ایک بدترین کیس کے ملزم کو بھی قانونی حقوق حاصل ہوتے ہیں۔ رانا ثناء اللہ محض ایک قیدی ہی نہیں منتخب رکن قومی اسمبلی ہیں، سیاسی مخالفت پر ان کی زندگی اور بیماری سے کھیلنا نہایت قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ اس پر نہ دنیا عمران کو معاف کرے گی اور نہ خدا معاف کریگا۔ ہم ملک اور قوم کے مفاد میں جو بھی کرنا پڑا کریں گے، اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ عمران خان کی تمام تر فسطائیت، غصہ، انتقام اور توجہ کا مرکز مسلم لیگ (ن) اس لئے ہے کیونکہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔ حکومت نے پنشنرز پربھی ٹیکس لگا دیا۔ ایک لاکھ تنخواہ والوں کو ہم نے ٹیکس چھوٹ دی تھی وہ ختم کر دی۔ انتخابات سے پہلے عمران نیازی کرپٹ چور ڈاکو کا راگ الاپتے رہے۔ گیارہ ماہ میں بھی انہوں نے اس کے سوا کوئی اور کام نہیں کیا پاکستان کے اندر او باہر یہی راگ دہراتے رہے۔