لندن (سپورٹس رپورٹر) کرکٹ ورلڈکپ کے 41 ویں میچ میں میزبان انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا جبکہ پاکستان کی فائنل فور میں پہنچنے کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔ انگلینڈ کی جانب سے دیئے گئے 306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 186 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو جیسن روئے اور جونی بیئرسٹو نے اننگز کا آغاز کیا اور 15 اوورز میں 100 رنز مکمل کیے، جیسن روئے 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جونی بیئرسٹو نے 106 ‘ کپتان اوئن مورگن نے 42 ‘ جو روٹ نے 24 اور عادل رشید نے 16 رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے ۔ جمی نیشام، میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ایک وکٹ ٹم ساؤتھی کے حصے میں آئی۔ 306 رنز کے تعاقب میں کیوی ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں۔ ٹام لاتھم کے سوا کوئی کھلاڑی انگلش بائولرز کا مقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 45 اوورز میں 186 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ روس ٹیلر نے 28 اور کین ولیمسن نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔ مارک وڈ نے تین ‘ کرس ووکس، جوفرا آرچر، لیام پلنکٹ، عادل رشید اور بین سٹوکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جونی بیئرسٹو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے بنگلہ دیش کو 316 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دینا ہو گی، اس سے کم رنز سے بنگلہ دیش کو شکست کی صورت میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔ گرین شرٹس کی سیمی فائنل میں رسائی ناممکن ہو گئی ہے۔