لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس جس میں صوبے میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی ہوگی۔ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانون کے مطابق مقدمے درج کر کے سٹاک ضبط کیا جائے اور اشیائے ضروریہ کی ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت یقینی بنائی جائے۔ ذخیرہ اندوزوں کی جگہ جیل ہے۔ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز فیلڈ میں نکلیں۔ نا جائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے کسی نرمی کے مستحق نہیں۔ باتیں بہت ہو چکیں، اب کام کرکے دکھایا جائے اور عوام کو ریلیف دیا جائے۔ جو کام نہیں کرے گا، وہ عہدے پر بھی نہیں رہے گا۔ پرائس کنٹرول کے اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے بہانے بازی نہیں چلے گی۔ مجھے ہر صورت نتائج چاہئیں۔ پرائس کنٹرول میکانزم پر عملدرآمد میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ آفس میں بھی مانیٹرنگ سیل بنائیں گے۔ میں خود پرائس کنٹرول میکانزم کی مانیٹرنگ کروں گا۔ جو فیصلے ہوئے ہیں مجھے ان پر عملدرآمد چاہیئے۔ سردار عثمان بزدارکی زیرصدارت اجلاس جس میں پنجاب میں مذہبی اور ہیرٹیج ٹورزم کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے سیاحتی مقامات میں ضروری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ پنجاب کے 8شہروں میں نئی ٹورسٹ سائٹس کو ڈویلپ کیا جائے گا۔ سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی رہائش کیلئے فائبر گلاس اور سٹیل کے ریڈی میڈ کمرے بنانے کی تجویز پر غورکیا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پتریاٹہ میں کیبل کار کے واقعہ میں غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے۔ ایک بیان میں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سابق ادوار میں ہونے والی اربوں روپے کی کرپشن نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کیا اور بدعنوان عناصر نے ذاتی تجوریاں بھرنے کیلئے ملک کا بیڑا غرق کیا۔ نئے پاکستان میں کرپٹ عناصر کا بلاتفریق احتساب ہو رہا ہے۔ اپوزیشن جماعتیں لوٹ مار کی دولت بچانے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں۔ جن عناصر نے قومی خزانہ لوٹا ہے، انہیں حساب بھی دینا ہوگا۔ سابق حکمرانوں نے جو بویا، آج وہی کاٹ رہے ہیں۔ شور مچانے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سانحہ اے پی ایس میں زخمی بہادر طالب علم احمد نواز کو برطانوی ایوارڈ ملنے پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔عثمان بزدار سے صوبائی وزراء ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں و عہدیداران نے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی کو ترقیاتی منصوبوں کیلئے مشاورت پر عملدرآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے وسائل کا رخ پسماندہ علاقوں کی ترقی کی طرف موڑ دیا ہے۔