اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان مثبت انداز میں امن اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں جیو سٹرٹیجک حالات، کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی، قومی سلامتی کی صورتحال، بھارت، افغانستان اور ایران سمیت علاقائی سکیورٹی صورت حال کا جائزہ بھی لیا گیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے شرکاء کانفرنس کو ملکی معیشت کو مضبوط و بہتر بنانے اور طویل مدتی فوائد کیلئے حکومت کی طرف سے مشکل مگر انتہائی ضروری اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مثبت انداز میں ترقی اور امن کی راہ پر گامزن ہے اور پائیدار امن و خوشحالی کی جانب یہ سفر جاری رہے گا۔