اسلام آباد (این این آئی) مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کو گندم کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق بتایا گیا کہ ملک میں 2 کروڑ 80 لاکھ ٹن گندم کا ذخیرہ موجود ہے، گندم کی ملکی ضرورت 2 کروڑ 51 لاکھ ٹن ہے۔ ذرائع کے مطابق گندم کی برآمد پر پابندی عائد کرنے کی تجویز پیش کی گئی، گندم کی برآمد پر پابندی سے پہلے پرائس مانیٹرنگ کمیٹی سے مشاورت کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق گندم کی برآمد پر پابندی لگانے یا نہ لگانے کا فیصلہ آئندہ اجلاس میں ہوگا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے مطابق بغیر مشاورت گندم کی برآمد پر پابندی عائد نہیں کرسکتے۔ای سی سی نے پیٹرولیم ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ پی ایس او کا ملک میں تیل کی ترسیل کا اضافی بزنس ریلویز کو دیا جائے جو مصنوعات کی نقل و حمل کا سستا ذریعہ ہے۔ اجلاس مشیر خزانہ کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں بحری امور کی وزارت کی طرف سے پورٹ قاسم کراچی پر تیسرے ٹرمینل کے قیام کی ضرورت پر پریزنٹیشن دی، وزارت کی طرف سے کہا گیا کہ یہ ملک کی گیس کی قلت کو دور کرنے کے لئے بھی اس کی ضرورت ہے۔ پورٹ قاسم اتھارٹی کے ماسٹر پلان میں ترمیم کے لئے بورڈ کی قرارداد کی بھی توثیق کر دی گئی ،اس کا مقصد تیسرے ایل این جی ٹرمینل کے قیام کا جائزہ لینا ہے۔