انسداد منشیات کے بارے میں وزیر مملکت شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ کے خلاف اپنی گاڑی میں منشیات لے جانے کے بارے میں شواہد موجود ہیں جو عدالت میں پیش کئے جائیں گے۔ آج اسلام آباد میں انسداد منشیات فورس کے ڈائریکٹر جنرل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کی گاڑی کی تین ہفتے سے نگرانی کی جارہی تھی اور مقدمے کو ثابت کرنے کیلئے فوٹیج موجود ہیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ پندرہ کلو ہیروئن جس کی عالمی منڈی میں قیمت پندرہ کروڑ روپے ہے رانا ثناء اللہ لاہور لے جارہے تھے، انہوں نے کہا کہ بیرون ملک منشیات کی سمگلنگ سے ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت جرائم پیشہ افراد کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ہر ایک کے خلاف کسی بھی حیثیت یا عہدے سے بالاتر ہوکر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔