قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس، اٹارنی جنرل سے 12 جولائی کو جواب الجواب طلب

Jul 04, 2019 | 20:13

ویب ڈیسک

سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسی اور سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس کے کے آغا کے خلاف صدارتی ریفرنس کے معاملے پر سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس 12جولائی کو طلب کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل نے اٹارنی جنرل انور منصور خان کو نوٹس جاری کرکے ان سے جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس کے کے آغا کے جواب پر جوالجواب طلب کیا ہے۔ذرائع کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل کے دو جولائی کے اجلاس کے موقع پر جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس کے کے آغا کی طرف الگ الگ جواب جمع کیا گیا تھا ۔ذرائع کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسی نے اعلی عدلیہ کے ججوں کا مواخذہ کرنے والے فورم سپریم جوڈیشل کونسل کو تحریری جواب میں استدعا کی ہے کہ ان کے جواب کو عام کیا جائے ۔ذرائع کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسی نے اپنے جواب کے ساتھ کونسل سے درخواست کی ہے کہ ان کے موقف اور صدارتی ریفرنس پر پیش کیے گئے دفاع کو پبلک کیا جائے تاکہ عام لوگ پڑھ سکیں۔جواب کو مفاد عامہ کے لیے سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر شائع کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔واضح رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس کے کے آغا کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کو بھیجے گئے صدارتی ریفرنسز پر دو اجلاس ہو چکے ہیں لیکن تاحال اس پر کوئی باضابطہ اعلامیے جاری نہیں کیا گیا۔

مزیدخبریں