لاہور (لیڈی رپورٹر+ نیٹ نیوز) لاہور کے نجی گرلز سکول میں طالبات کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے معاملے پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی کمیٹی نے واقعے کی ابتدائی رپورٹ پیش کردی ہے۔ کمیٹی نے رپورٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کو جمع کرا دی۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق سکول انتظامیہ کوئی تعاون نہیں کر رہی ہے۔ ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انگلش میڈیم سکول نے طالبات اور سٹاف کا کوئی بھی ریکارڈ نہیں دیا، جبکہ طالبات اور نکالے گئے سٹاف کو بھی بیانات کے لیے سکول نہیں بلایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق سکول انتظامیہ کرونا اور سیکریسی کے نام پر کوئی معلومات مہیا نہیں کر رہی۔ رپورٹ میں سفارشات پیش کی گئی ہیں کہ نجی سکول کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ نجی سکول میں طالبات کو جنسی ہراساں کرنے پر 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنی تھی۔ تحقیقاتی کمیٹی نے تین روز بعد رپورٹ پیش کی ہے۔ دوسری جانب لاہور کے معروف نجی سکول میں طالبات کو ہراساں کرنے کے معاملے پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے تھانہ غالب مارکیٹ میں مقدمے کے اندارج کی درخواست دے دی۔ چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کا یہ بھی کہنا ہے کہ متاثرہ طالبات کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے مکمل قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔