سنجوال کینٹ، باہتر (نامہ نگاران) فتح جنگ کے علاقہ سنجوال کینٹ کے نواحی گائوں بٹھوکی ڈھوک ملیار میں کنویں کی صفائی کے دوران گیس بھرجانے سے 3 جواں سال سگے بھائیوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ 5 کا تعلق ایک ہی گھرانے سے ہے۔ ریسکیو 1122 کے اہلکار تیمور شہزاد نے 6 نعشیں اور ایک شخص کو زندہ نکال لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈھوک ملیار میں محمدرحمت کے گھر کے صحن میں واقع کنواں میں صفائی کیلئے یکے بعد دیگرے 7 افراد اترے اور ان میں سے کوئی بھی باہر نہیں نکلا۔ کنویں میں زہریلی گیس بھر جانے سے 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اٹک کی ٹیم فوراً موقع پر پہنچ گئی اور 30 منٹ کے قلیل وقت میں 6 نعشوں اور ایک شخص کو زندہ باہر نکالا جس کا تمام تر کریڈیٹ ریسکیو اہلکار تیمور شہزاد کے سر ہے جنہوں نے اپنی جان کو خطرے میں ڈالتے ہوئے آپریشن کیا۔ کنواں کی صفائی کی غرض سے ایک شخص کنواں میں اترا اور بے ہوش ہوگیا جسے بچاتے ہوئے مزید 6 افراد گیس کا شکار ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 3 سکے بھائی 28 سالہ محمد زبیر، 26 سالہ محمد عامر، 22 سالہ محمد اسرار پسران محمد رحمت ، 50 سالہ محمد صادق ولد جانداد، 30 سالہ محمد عامر ولد عبداللہ ، 20 سالہ محمد فیضان ولد محمد قادر شامل ہیں۔ رکن قومی اسمبلی حلقہ این اے 55 میجر طاہر صادق نے واقعہ پر اظہار ہمدردی کیا۔ بعدازاں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی سید زلفی بخاری نے انکی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ میں سابق رکن پنجاب اسمبلی سردار محمد علی خان، سید خاور بخاری، ڈی سی علی عنان قمر، ڈی پی او اور معززین علاقہ نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سید زلفی بخاری نے لواحقین سے گھر جا کر اظہار تعزیت کیا اور ہر قسم کی امداد کی یقین دہانی کرائی۔