اسلام آباد (نامہ نگار) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب کو ایل این جی ریفرنس میں شاہد خاقان عباسی کے خلاف تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ایل این جی کیس میں 6اگست تک حتمی ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا ہے۔ اور ریمارکس دیئے ہیں کہ ضمنی ریفرنس دائر کرنے کے لیے یہ آخری مہلت ہے۔ جمعہ کو سابق وزیر اعظم کے خلاف ایل این جی ریفرنس کی سماعت جج اعظم خان نے کی۔ ایل این جی ریفرنس کی سماعت کے دوران نیب نے ضمنی ریفرنس دائر کرنے کے لیے 4ہفتے کا وقت مانگ لیا۔ اس موقع پر شاہد خاقان عباسی، عظمی عادل سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ کچھ نیا ریکارڈ ملا ہے جس کا جائزہ لے رہے ہیں، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ضمنی ریفرنس کی تیاری آخری مراحل میں ہے، ریفرنس مکمل کرنے کیلئے تین سے چار ہفتے درکار ہوں گے۔پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کچھ شرم کی جائے یوں ملک نہیں چلتا ایک سال سے عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں نیب نے کسی کی نہیں سنی ملک تباہ کرنا ہے۔
نیب کو شاہد خاقان عباسی کیخلاف ضمنی ریفرنس 6 اگست تک دائر کرنے کا حکم
Jul 04, 2020