اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سے بائیکیا(Bykea) اور ٹیک ویلی کے نمائندوں نے ملاقات کی۔جمعہ کو ان کے دفتر میںہونے والی ملاقات کے دوران ڈبل سواری پر پابندی کے متعلق معاملات پر گفتگو ہوئی۔بائیکیا کے بانی و سی ای او منیب مائیر نے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی کو بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا اردو ایپ ہونے کے ناطے بائکیا کو پاکستان میں مڈل کلاس سستی سواری کے لیے استعمال کرتی ہے۔ انہوں نے کہا موجودہ صورتحال میں باقاعدہ ہیلمٹ، ماسک اور دستانے پہن کر ڈبل سواری بسوں اور رکشوں میں سفر کرنے کے مقابلے میں ذیادہ محفوظ ہے۔بانی و سی ای او ٹیک ویلی عمر فاروق نے کہا کہ ڈبل سواری سروسز پر پابندی پاکستان میں اس کیٹگری میں سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے۔وفاقی وزیر برائے آئی ٹی نے بائیکیا کی ٹیکنالوجی کے استعمال سے عام آدمی کو سستی سواری کے فراہمی کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا وزارت آئی ٹی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو لوگوں کو سہولیات کی فراہمی میں مکمل سپورٹ کرے گی۔دریں اثنائگوگل کی ٹیم نے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی کو گوگل کے پاکستان میں اقدامات اور پروگراموں کے بارے میں آن لائن بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر کو گوگل سی ایس فرسٹ پروگرام کے بارے میں آگاہ کیا گیا جو کہ وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کام فاونڈیشن سکولز کے تعاون سے شروع کیا جائے گا۔وفاقی وزیر برائے آئی آئی نے گوگل کو سراہا اور اپنی مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرائی۔