بیجنگ (آئی این پی) چین کے نائب وزیر خارجہ لیؤ ژوہوئی نے سفیر نغمانہ ہاشمی سے الوداعی ملاقات کر کے چین اور پاکستان کے مابین دوستانہ تبادلے اور تعاون کو فروغ دینے میں عظیم شراکت پر نغمانہ ہاشمی کا شکریہ ادا کیا۔ اور امید ظاہر کی کہ وہ چین پاکستان تعلقات کی دیکھ بھال اور حمایت کر تی رہیں گی۔ چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق نغمانہ ہاشمی نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران چینی فریق کی قیمتی مدد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ پاک چین تعلقات کسی بھی مشکلات اور چیلنجوں پر قابو پائیں گے اور مستقل طور پر زیادہ سے زیادہ فروغ پاتے رہیں گے۔ خیال رہے نغمانہ ہاشمی کو چین اور پاکستان کے مابین ثقافتی تفہیم کے لئے کردار ادا کرنے کے لئے پہچانا جاتا ہے۔ چینی ثقافت کے حق میں ایک سفیر کی حیثیت سے وہ چینی تہذیب کے خدوخال کو پرامن اور فلاحی قرار دیتی ہیں۔ واضح رہے چین میں تعینات ہونے والے نئے سفیر معین الحق نے 1987 میں پاکستان کی خارجہ سروس میں شمولیت اختیار کی اور وہ سری لنکا، کینیڈا اور ترکی میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔
نغمانہ ہاشمی کی چینی نائب وزیر خارجہ سے الوداعی ملاقات، معین الحق نئے سفیر مقرر
Jul 04, 2020