مانگامنڈی: ڈکیتی کے دوران مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

Jul 04, 2021

لاہور ، مانگامنڈی (نامہ نگار) گھر میں ڈکیتی کے دوران مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک، مزاحمت پر اہل خانہ کے 3 افراد زخمی ہو گئے۔ ڈاکو کی شناخت ہوگئی۔ 60 سے زائد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ پولیس کے مطابق 6 نامعلوم مسلح ڈاکو چھت سے شہری شہزاد کے گھر میں داخل ہوئے اور اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 80 ہزار نقدی 4 تولے طلائی زیورات اور موبائل فونز لوٹ لئے۔ دوسری واردات شہزاد کے ہمسایہ شہباز کے گھر میں کی گئی اور ڈاکوؤں نے شہباز اور اس کے اہلخانہ کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنا لیا۔ ون فائیو پر کال کی گئی تو پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔ جس میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولی سے ہلاک ہو گیا۔ فائرنگ کی زد میں آکر شہباز اور اس کے دو بیٹے بھی شدید زخمی ہوئے۔ جبکہ 5 ڈاکو موقع سے فرار ہو گئے تھے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونیوالے ڈاکو کے خلاف لاہور شیخوپورہ اور قصور میں ڈکیتی اور راہزنی کے مقدمات درج ہیں۔ قتل ہونے والا ڈاکو پرویز، شیخوپورہ کا رہائشی بتایا جاتا ہے اور مختلف تھانوں میں چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں مطلوب تھا۔ پولیس نے ملزمان کیخلاف تفتیش شروع کر دی ہے۔

مزیدخبریں