کراچی(قمر خان)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول نے بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلی سندھ کی امریکا روانگی کے مقاصد بیان کردیے۔ ایک ٹی وی پروگرام میں میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے نبیل گبول کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کسی کی منت سماجت کرنے امریکا نہیں جارہے۔ انہوں نے بتایا کہ بلاول کو امریکی سینیٹرز نے امریکا کے دورے کی دعوت دی، وہ پاکستان کا مقدمہ لڑنے کے لیے ہی جارہے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے دعوی کیاتھا کہ بلاول بھٹو ڈیل کرنے امریکا جارہے ہیں، وہ اپنی سی وی لے کر’’ میں ہوں نا‘‘ کی شوٹنگ پر جارہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیجوہو کے بعد وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ آج ایک ہفتے کے دورے پر امریکا روانہ ہورہے ہیں جبکہ اسی ہفتے بلاول بھٹو زرداری کی امریکا روانگی کا امکان بھی ہے۔ پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری واشنگٹن اور نیویارک میں اہم شخصیات سے ملاقات کریں گے۔ واضح رہے کہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے ایک صحافی کی جانب سے پوچھے جانے والے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں کسی مشن پر امریکا روانہ نہیں ہورہا بلکہ چھٹیاں گزارنے جارہا ہوں۔