لاہور(خصوصی نامہ نگار )پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے اجلاس میں حکومت کی طرف سے بلدیاتی نظام وضع کرنے میں ناکامی اور منتخب نمائندوں کو عدالتی احکامات کے باوجود کام کرنے سے روکنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ عدالتی فیصلہ کی روشنی میں منتخب نمائندوں کو انتظامی، معاشی خودمختاری کے ساتھ کام کرنے دیا جائے۔ منتخب نمائندوں کی بجائے سرکاری ملازمین کے ذریعے بلدیاتی نظام چلانا غیر جمہوری اور غیر قانونی ہے۔ اجلاس کی صدارت کور کمیٹی کے کنونیئر خرم نواز گنڈاپور نے کی۔ مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کراچی سے ویڈیو لنک پر اجلاس میں شرکت کی۔ سنٹرل کور کمیٹی کے اجلاس میں آزاد کشمیر میں ریاستی اسمبلی کے لئے امیدوار کھڑے کرنے اور بھرپور انتخابی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا اور اس کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے امیدوار طاہر کھوکھر نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت بھی مرضی کے نتائج چاہتی ہے۔