لاہور(کامرس رپورٹر )کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن و سابق صدر لاہور چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری پرویز حنیف نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافے کیلئے حکومتی پالیسی میںبہت سے سقم موجود ہیں ،ریسرچ اور سٹڈی نہ ہونے کی وجہ سے بہت سے ممالک کی مارکیٹیں ابھی تک ہماری نظروںسے اوجھل ہیں جنہیں تک رسائی کیلئے پیشرفت نا گزیر ہے ،برآمدات کے فروغ کیلئے چین سمیت دیگر ممالک کے ساتھ بنکنگ چینل کو فروغ دیا جائے ۔اپنے دفتر میں کارپٹ مینو فیکچررز اورایکسپورٹرز کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پرویز حنیف نے کہا کہ بیرون ممالک سفارتخانے پاکستانی مصنوعات کی تشہیر، مارکیٹنگ اور برآمدات میں اضافے کیلئے غیر معمولی کردار ادا کرسکتے ہیںلیکن بد قسمتی سے ان کیلئے باضابطہ کوئی پالیسی تشکیل دے کر اہداف مقررنہیں کئے جاتے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات کیلئے چین ایک بڑی مارکیٹ ثابت ہو سکتا ہے اس لئے اس جانب توجہ مرکوز کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں اور دوسری مصنوعات کی برآمدات میں فرق ہے ۔ہاتھ سے بنے قالینوںکا شمار ایسی مصنوعات ہے جس کیلئے ہمیں دوسرے ممالک کے لوگوںکو اپنے معیار اور ڈیزائن کے ذریعے راغب کرنا ہے اس لئے اس کا ڈسپلے ہونا اہمیت رکھتا ہے ۔