لاہور ( اپنے نامہ نگار سے )بچوں کی زندگی تباہ مت کرو،میاں بیوی نہیں ماں باپ بن کر فیصلہ کرو۔یہ ہدایات دیتے ہوئے سیشن عدالت نے ناراض میا ں بیوی میں سمجھوتہ کرادیا، عامر ٹاو ن ہربنس پورہ کی رہائشی بشری بی بی نے بچی کی بازیابی کیلئے درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں استدعا کی تھی کہ میرے تین بچے ہیں دو بچے میرے پاس ہیں ایک بچی خاوند کے پاس ہے، میری چھ سالہ بچی سکینہ خاوند سے بازیاب کرکے مجھے دلائی جائے۔ ایڈیشنل سیشن جج محمد سعید نے درخواست پر سماعت کی، عدالت کے حکم پر خاوند اپنی بیٹی کیساتھ پیش ہوا، عدالت نے میاں بیوی کو سمجھوتہ کا موقع دیا اور کہا کہ چھوٹی موٹی ناراضگیاں بھول کر صلح کر لو ، طلاق سے آپ کے بچوں کی زندگی تباہ ہو جائیگی، میاں بیوی نہیں ماں باپ بن کر فیصلہ کرو۔ عدالت کے سمجھانے پر میاں بیوی صلح کرنے پر راضی ہو گئے۔ خاوند محمد علیم اور بیوی بشری بی بی نے ایک ساتھ رہنے کا عہد کیا اور ایک ساتھ عدالت سے گھر کیلئے رخصت ہوئے۔