کالا باغ ڈیم‘ نوائے وقت ریفرنڈم پر عمل کرایا جائے

مکرمی!حکومت ملک بھر میں مہمند بھاشا ڈیم کے علاوہ 9چھوٹے ڈیم بنا رہی ہے ان 10 ڈیموں کی تعمیر پر ہزا روں ارب روپے خرچ آئیں گے اور ان کی تکمیل پانچ چھ سال میں ہوگی۔ اگر کالاباغ ڈیم کے لئے بجٹ میں آپ فنڈز مختص کرنے سے کسی وجہ سے قاصر ہیں تو آپ کی خدمت میں عرض ہے مجیدنظامی مرحوم نے دو عشرے قبل ریفرنڈم کراکے کالاباغ ڈیم کی تعمیرکے حق میں فیصلہ دیا تھا اس کے باوجود سابقہ حکومتیں نامعلوم وجوہات کی بنا پر خاموش رہیں۔ اگر اس وقت عوامی خواہشات اور رائے کا خیال کیا جاتا تو آج ملک میں انرجی بحران اور دیگر مسائل جنم نہ لیتے۔ سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ نے مہمند ڈیم کے لئے چندہ اکٹھا کیا تھا۔ اگر یہی چندہ مہمند ڈیم کے ساتھ کالاباغ ڈیم کی تعمیر کیلئے اکٹھا کیا جاتا تو پاکستانی عوام سینکڑوں ارب روپے چندہ دے چکے ہوتے۔ وزیراعظم عمران خان کی خدمت میں دردمندانہ التماس ہے کہ ماشاء اللہ پوری قوم کو اپ کی دیانت داری پر بے حد اعتماد ہے اگر آپ کے پاس موجودہ بجٹ میں کالاباغ ڈیم کی تعمیر کیلئے گنجائش نہیں ہے تو آپ کالاباغ ڈیم کی تعمیر کیلئے اپنی قوم کو چند کی اپیل کریں ان شاء اللہ ایک سال میں پوری قوم آپ کی آواز پر لبیک کہے گی۔ آپ کے کہنے پر عوام سینکڑوں ارب روپے جمع کرائے گی‘ بیرون ملک پاکستانی بھی اس عظیم ڈیم جو ایشیا کا بڑا ڈیم ہے کیلئے بڑھ چڑھ کر چندہ دینگے اور آپ کی حکومت کے دوران کالاباغ ڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈز جمع ہوجائیں گے۔امید ہے وزیراعظم میری اس حقیر رائے کے متعلق غور وحوض ضرور کریں گے۔(سید لطف علی بخاری‘موچھ‘میانوالی)

ای پیپر دی نیشن