لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کیلئے گزشتہ روزڈربی میں دوسرا انٹرا سکواڈ پریکٹس میچ بارش کی نذر ہوگیا۔ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے 8 جولائی کو کارڈ ف میں ہوگا۔پہلے انٹرا سکواڈ میچ میں محمد رضوان اور حارث سہیل نے جسم میں کھچاو کے باعث شرکت نہیں کی تھی ۔کھلاڑیوں نے گزشتہ روز انٹرا سکواڈ میچ بارش کی نذر ہونے پر بائولنگ ‘بیٹنگ ‘فیلڈنگ پریکٹس کی ۔ اس دوران فزیکل فٹنس پر بھی زور دیا گیا ۔ انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف ہوم ون ڈے سیریز کیلئے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا۔ انگلش ٹیم کی قیادت این مورگن کریں گے۔باقی سکواڈ میں معین علی، جوناتھن بریسٹو، ٹوم بینٹن،سیم بلنگز، سیم کرن، ٹوم کرن، لیم ڈوسن، لیم لونگسٹن، جارج گارٹن، عادل رشید، جو روٹ، جیسن رائے، ڈیوڈ ویلی، کرس ووکس اور مارک ووڈ سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔جوفراآرچر، جوز بٹلر اور آل راونڈر بین سٹوکس انجری کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔انگلش کرکٹ ٹیم پاکستان کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان بعد میں کرے گی جبکہ پاکستان اور انگلینڈ کے خلاف 3 ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ جمعرات 8 جولائی کو شام پانچ بجے کارڈف میں کھیلا جائیگا۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ ہفتہ 10 جولائی کو پاکستانی وقت کے مطابق تین بجے سہ پہر، اور تیسرا میچ منگل 13 جولائی کو شام پانچ بجے کھیلا جائیگا۔خیال رہے کہ قومی سکواڈ 25 جون کو برمنگھم پہنچ گیا تھا، سکواڈ 3 دن روم آئسولیشن میں رہا، آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد 7 روز ٹریننگ سیشنز میں شریک ہونا تھا، قومی سکواڈ 6 جولائی کو کارڈف روانہ ہوگا۔