چکلالہ کینٹ میں آئے روز ٹیوب ویلوں کی خرابی، پانی کی قلت

Jul 04, 2021

راولپنڈی (جنر ل رپورٹر)چکلالہ کینٹ میں آئے روز ٹیوب ویلوں کی خرابی، پانی کی قلت کا مسئلہ،جہانگیر روڈاور اس کے ملحقہ علاقوں میں تنصیب مختلف ٹیوب ویلز گرمیوں کے موسم میں خراب رہتے ہیں جس کی وجہ سے وہاں کے مکینوں کا جینا دوبھر ہوگیا ہے،جہانگیر روڈ پر واقع ٹیوب نمبر گیارہ پچھلے چار سال سے خراب ہے ٹھیکیدار اور دیگر عملہ مل کر وقتی کام کرا کر ٹیوب کو چلا لیتے اور ہزاروں سے بل وصول کر لیتے ہیں اور چند ماہ بعد ہی وہی ٹیوب خراب ہو جاتا ہے اس کے بعد پھر نئے پیسے بٹور لئے جاتے ہیں دوسری جانب عوام ہزاروں سے دیکر ٹینکرز منگوانے پر مجبور ہوتے ہیں۔ ٹینکرز مافیا کی بھی چاندی ہو جاتی ہے۔ جہانگیر روڈ اور سرسید چوک میں موجود ٹیوب اپنی مدت پوری کر چکے ہیں یہاں نئے بور کے ساتھ نئے ٹیوب لگانے کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے شیخ راشد شفیق ایم این اے ا ور چوہدری عدنان ایم پی اے کو متعدد بار درخواست دی جا چکی ہیں لیکن عوامی مسئلہ پر توجہ نہیں دیتے ہیں،  اہل علاقہ نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مستقل بنیادوں پر حل کریں اور روزانہ کی اذیت سے نجات دلائیں۔

مزیدخبریں