لاہور، واربرٹن، اسلام آباد،، فیروز والا، (اپنے نامہ نگار سے+ نامہ نگار+ علاقائی نمائندوں سے) شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ کئی علاقوں میں گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ جڑانوالہ میں گرمی کے باعث 4 بچوں کا باپ دم توڑ گیا۔ اسلام آباد سے نامہ کے مطابق ملک میں بجلی کے شارٹ فال میں بتدریج کمی آنے لگی ہے۔ بجلی کا شارٹ فال 6000میگا واٹ سے کم ہو کر 4ہزار میگاواٹ ہوگیا ہے۔ ذرائع پاورڈویژن کے مطابق ملک بھرمیں بجلی کی طلب 25ہزارمیگاواٹ ہے۔ جب کہ بجلی کی مجموعی پیداوار 21ہزار میگاواٹ ہے۔ گیس اور پانی کی سپلائی میں بہتری کے باعث پن بجلی اور تھرمل کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آئیسکو کا شارٹ فال ختم ہوگیا ہے۔ اسلام آباد سے این این آئی کے مطابق وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ آر ایل این جی سپلائی 80 فیصد بحال ہوچکی ہے کہیں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی ہے۔ لاہورسے اپنے نامہ نگار کے مطابق لوڈ شیڈنگ اور بجلی کے بڑھتے بحران کے خاتمے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ جوڈیشل ایکٹو ازم پینل نے دائر درخواست میں کہا ہے کہ عوام شدید اذیت کا شکار ہیں۔ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ملکی صنعت شدید متاثر ہو رہی ہے۔ حکومت کو ہنگامی بنیاد پر اقدامات کا حکم دیا جائے۔ واربرٹن سے نامہ نگارکے مطابق شدید گرمی، حبس اور بجلی کی بندش سے ایک خاتون سمیت تین افراد بیہوش ہوگئے جبکہ ایک جان کی بازی ہار گیا۔ بتایا گیا ہے کہ نواحی گائوں حسین کوٹ کا ایک شخص نیامت علی ،محلہ عیدگاہ کا عرفان اور جسلانی کی رہائشی نصرت بی بی بیہوش ہوگئے جبکہ ذوالفقار نامی ستر سالہ شخص گرمی سے دم توڑ گیا کڑکتی دھوپ اور لو کے تھپیڑوں کے ساتھ ساتھ بجلی کی گھنٹوں لوڈ شیڈنگ نے کاروباری زندگی بھی مفلوج کر دیا ہے۔ نواحی گائوں 234گ ب میں وارث ولد اللہ رکھا بعمر 45سال بچوں کے لیے چکی سے آٹا لے کر گھر آیا شدید گرمی کے باعث دل کا دورہ پڑا اور صحن میں ہی گر کر چل بسا۔ چناب نگر سے نمائندہ خصوصی کے مطابق چناب نگر میں شدید گرمی کی لہر جاری، پارا 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاپہنچا۔ محسوس48 ہو نے لگا۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا۔گھنٹوں بجلی بندش سے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔ گرمی کی شدت سے شہری بڑی تعداد میں بیمار ہورہے ہیں۔ سرگودھا سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سرگودھا اور گردونواح میں گرد آلود آندھی کے باعث موسم خوشگوار ہوتے ہی گرمی کا زور ٹوٹ گیا تاہم مقام حیات سمیت متعدد علاقوں میں سوئی گیس اور بجلی کی کئی گھنٹے بندش نے لوگوں کو پریشانی میں مبتلا کئے رکھا۔ صارفین کا کہنا ہے کہ علاقہ میں 20 گھنٹے سوئی گیس کی بندش کے ساتھ مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6 سے 8 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے تک جاری ہے۔ فیروزوالاسے نامہ نگارکے مطابق شاہدرہ، فیروزوالا اور کوٹ عبدالمالک اسکے گرد ونواح میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مختلف مقامات پر ٹرانسفارمر زور دار دھماکوں سے جل گئے۔ جنہیں ابھی تک تبدیل نہیں کیا جا سکا اور ان علاقوں کے مکینوں کو شدید گرمی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں ، شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سیالکوٹ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سیالکوٹ میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔ لوڈشیڈنگ ملکی معاشی حالات بازاروں مارکیٹوں کے تجارتی امور میں مشکلات اور کاروبار زندگی میں بے چینی کا باعث بن رہی ہے۔ سمبڑیال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سمبڑیال و گردونواح میں بجلی مہمان بن کر رہ گئی۔ وولٹیج کی کمی بیشی سے شہریوں کی الیکٹرانکس کی قیمتی اشیاء کا جلنا معمول بن گیا جبکہ گیپکو حکام دن بدن گھمبیر ہوتی صورتحال سے چشم پوشی اختیار کررہے ہیں۔