نیب جعلی اکاؤنٹس کیس میں 33ارب وصول کر چکا، فواد چوہدری 

Jul 04, 2021

اسلام آباد(نا مہ نگار)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہاہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے جعلی اکاؤنٹس کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) اب تک 33ارب روپے وصول کر چکا ہے یہ تقریبا 20کروڑ ڈالر بنتے ہیں، اصل مقدمہ 5000ارب روپے کے لگ بھگ ہے۔انہوں نے حکومت سندھ پر درپردہ تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس وصولی سے آپ اندازہ لگا لیں کے اس ملک میں کرپشن کی کیا سطح رہی ہے اور حکمرانوں نے سندھ اور پاکستان کو کیسے لوٹا ہے۔دریں اثناء وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو کچھ دنوں سے پاکستان آنے کیلئے پی آئی اے کی پروازوں کے شیڈول کے حوالے سے مشکلات کا سامنا تھا۔اپنے ٹوئیٹ میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیر سول ایوی ایشن غلام سرور خان نے پی آئی اے اور ایوی ایشن حکام سے تفصیلی میٹنگز کے بعد پروازوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کر دیا ہے ۔  

مزیدخبریں