اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم عمران خان کا عوامی فلاح کے منصوبوں میں تیزی لانے کے سلسلہ میں پروگرام ملکی سطح پر "کامیاب پاکستان" فوری شروع کرنے کا اعلان کر دیا گیا، اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ کسانوں کو سود کے بغیر قرض اور کاروبار کے لیے مالی مدد دیں گے، حکومت نے اس کے لیے اربوں روپے کا بجٹ مختص کر دیا ہے، 5 لاکھ روپے تک بغیر سود قرضہ دیا جائے گا۔ ہفتے کو وزیر خزانہ شوکت ترین کی سربراہی میں کامیاب پاکستان پروگرام سے متعلق اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی عثمان ڈار، نیشنل بنک کے سربراہ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کامیاب پاکستان پروگرام رواں ماہ لانچ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہائوسنگ منصوبے، سکل ڈویلپمنٹ اور آسان قرضوں کو کامیاب پاکستان کے بینر تلے لایا جائے گا جبکہ ہیلتھ کارڈز اور زرعی خدمات کو بھی کامیاب پاکستان پروگرام کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت نے اربوں روپے کا بجٹ مختص کر دیا ہے اور 5 لاکھ روپے تک بغیر سود قرضہ دیا جائے گا، نچلے طبقے کے 40 لاکھ خاندان کو کامیاب پاکستان پروگرام میں شامل کریں گے جبکہ کسانوں کو سود کے بغیر قرض اور کاروبار کے لیے مالی مدد دیں گے، صوبوں کے عوام کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس میں شامل کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب پاکستان حکومت کا فلاحی ایجنڈے پر مشتمل سب سے بڑا پروگرام ہو گا اور حکومت ہر خاندان میں سے ایک فرد کو ٹیکنیکل ایجوکیشن دے گی، انہوں نے کہا کہ منصوبے کے ذریعے ملک بھر کی عوام کو کم خرچ ہاؤسنگ سکیم میں شامل کیا جائے گا اور مائیکروفنانسنگ کے ذریعے نچلے طبقے کی مدد کا طریقہ کار بھی طے ہو گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم نے ملک گیر سطح پر عوامی فلاح کے اقدامات کی ہدایت کی ہے اور وزیر خزانہ سے مشاورت مکمل کر لی ہے اور پروگرام چند دنوں میں لانچ کر دیا جائے گا۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر خزانہ کی صدارت میں اقتصادی مشاورتی کونسل کا اجلاس ہوا،اجلاس میں انرجی، سرمایہ کاری،کاروباری اداروں، اندرون ملک تجارت اور پرائس کے استحکام کے بارے میں سب گروپس نے بریفنگ دیں، معاون خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود نے قیمتوں میں استحکام پیدا کرنے کیلئے قلیل، درمیانی اورطویل المعیاد تجاویز پر روشنی ڈالی اور ریجن میں قیمتوں کا تقابل پیش کیا۔
کامیاب پاکستان پروگرام اسی ماہ 40 لاکھ خاندان شامل کرینگے: شوکت ترین
Jul 04, 2021