اتوار بازاروں کے قیام کا مقصد عوام کو ارزاں قیمت پر سبزیاں اور پھل فراہم کرنا، اشیاء کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا،نورالامین مینگل

Jul 04, 2022


راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)کمشنر راولپنڈی نورالامین مینگل اور ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے اتوار کو نیو کٹاریاں اور شمس آباد میں قائم اتوار بازاروں کا اچانک دورہ کیا اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا وہ سٹالوں پر گئے اور کوالٹی کا جائزہ لیا انہوں نے بازاروں میں شہریوں سے بھی قیمتوں کے بارے میں پوچھا اس موقع پر کمشنر نورالامین مینگل نے کہا کہ اتوار بازاروں کے قیام کا مقصد عوام کو ارزاں قیمت پر سبزیاں اور پھل فراہم کرنا ہے اتوار بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اور اس حوالے سے انتظامی افسران اپنی ذمہ داریاں سر انجام دیں اور اچانک چھاپے مار کر قیمتوں اور کوالٹی کا جائزہ لیں انہوں نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا بھی جائزہ لیا جائے اور قیمت ایپ کے استعمال کی ترغیب دی جائے نورالامین مینگل نے کہا کہ پرائس مجسٹریٹس کو بھی متحرک کیا جائے اور ناجائز منافع خوروں پر سخت جرمانے عائد کئے جائیں ہر پرائس مجسٹریٹ کی کارکردگی کا جائزہ عوام کی شکایات کی روشنی میں لیا جائے اور جس علاقہ سے ناجائز منافع خوری کی زیادہ شکایات وصول ہوں وہاں کے پرائس مجسٹریٹس کے خلاف بھی کاروائی کی جائے ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو اتوار بازاروں کی مدد سے ریلیف پہنچانے کیلئے کوشاں ہے تمام تحصیلوں میں زیادہ سے زیادہ اتوار بازار اور ریڑھی بازار قائم کئے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں