راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)وزیر اعظم حرمت سود کیخلاف اپیل واپس کروائیں، ہمارے مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے۔ سودی معیشت کے خلاف جہاد کرنا ہو گا۔ اگر ہم اللہ تعالیٰ کے احکامات سے بغاوت کریں گے تو انجام بنی اسرائیل جیسا ہو گا۔ ملک میں سبھی تجربات ناکام ہو گئے، اب ایک موقع اسلامی نظام کو ملنا چاہیے۔ قوم کرپشن سے نجات، بے روزگاری، سودی معیشت، مہنگائی کے خاتمے اور ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے ہماراساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار خانقاہ نقشبندیہ چاکرہ راولپنڈی کے بانی وشیخ الحدیث مولانا پیر عبدالشکور نقشبندی نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم شہبازشریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سودی بینکاری سے متعلق وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے کے خلاف اسٹیٹ بینک کی اپیل واپس کرنے کے لیے کردار ادا کریں، ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری معیشت سود کی وجہ سے بہتر نہیں ہورہی، آئین میں درج ہے کہ اسلام کے منافی کوئی قانون نہیں بن سکتا۔
اگر حکمرانوں نے اپنی روش نہ بدلی اور عوام کو مہنگائی کی چکی سے نہ نکالا تو لوگ سڑکوں پر آجائیں گے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں بنیادی ضرورت کی اشیا سمیت پٹرول کی قیمتیںفوری کم کریں۔