سپریم کورٹ احکامات پر نیک نیتی سے عملدرآمد کرانا تمام جماعتوں کی ذمہ داری: پرویزالٰہی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی  نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کو قبول کرتے ہوئے اس پر نیک نیتی سے عملدرآمد کروانا تمام جماعتوں پاکستان تحریک انصاف‘ مسلم لیگ (ق) اور (ن) لیگ کی ذمہ داری ہے۔ اسمبلی اجلاس سپریم کورٹ کے احکامات کے عین مطابق ہوگا۔  اسمبلی کے اندر اچھے اور دوستانہ ماحول سمیت غیر جانبداری اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور اسمبلی افسران آئین‘ قانون اور قواعد کے مطابق اسمبلی میں اپنے امور سرانجام دیں گے۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ حمزہ شہباز نے بھی سپریم کورٹ کو یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ اور ان کی کابینہ فیصلے کی روشنی میں ضمنی انتخابات کا عمل غیرجانبدارانہ اور شفاف انداز میں مکمل کروائیں گے۔ حکمران قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مخالفین کے خلاف استعمال نہیں کریں گے اور ضمنی الیکشن والے حلقوں میں کوئی ترقیاتی سکیم یا فنڈز نہیں دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا حکومت ٹرانسفر، پوسٹنگ  پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کروائے۔ ضمنی الیکشن والے حلقوں میں اگر کوئی ٹینڈر ہو گیا تو حکومت کا فرق ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اس کو فوری طورپر ختم کروائے۔

ای پیپر دی نیشن