عوام غریب ،، عمران کے سوتیلے بچے امیر ہوگئے ، حمزہ آج تاریخی ریلیف پیکج دینگے : مریم نواز 

Jul 04, 2022

لاہور (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ گو نیازی ہوگیا، اب نیازی رو رہا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ تحریک انصاف نے کیا، انہوں نے پاکستان کو گروی رکھ دیا ، ملک دیوالیہ ہونے کا خطرہ نہ ہوتا تو ہم مر جاتے لیکن پٹرول کی قیمتیں نہ بڑھاتے، اچھا وقت آنے والا ہے، عوام کو تکلیفوں سے نجات دلائیں گے، عمران خان پنجاب کی ترقی کے دشمن، حمزہ شہباز صوبے کے عوام کو بڑا پیکج دینے جارہے ہیں، 17 جولائی کو کٹھ پتلیوں کو ہرائیں گے۔ مریم نواز نے لاہور کے حلقہ پی پی 158 دھرم پورہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مجھے دھرم پورہ کا نہیں پورے لاہور کا جلسہ لگ رہا ہے، دھرم پورہ کا جلسہ دیکھ کر لگ رہا ہے کہ اللہ نے فتح عطا فرما دی ہے، نواز شریف لندن سے یہ جلسہ لائیو دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پٹرول، ڈیزل کی قیمتیں دل پر پتھر رکھ کر بڑھائیں، قیمتیں بڑھانے پر ہم گھر میں چھپ کر نہیں بیٹھے، آئی ایم ایف معاہدے کی وجہ سے قیمتیں بڑھانا پڑیں، آئی ایم ایف معاہدہ پی ٹی آئی حکومت نے کیا تھا، پاکستانی عوام جانتے ہیں کہ ہم نے قیمتیں کیوں بڑھائیں، گو نیازی گو تو ہوگیا اب روتا پھر رہا ہے ہر جگہ، عمران خان پاکستان کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ کر گیا، ملک دیوالیہ ہونے کا خطرہ نہ ہوتا تو ہم مر جاتے لیکن قیمتیں نہ بڑھاتے۔ ان کا کہنا تھا کہ وعدہ کرتی ہوں کہ تکلیفوں سے عوام کو نجات دلائیں گے، فتنہ خان کی طرح نہیں کہوں گی کہ گھبرانا نہیں ہے، 2013 میں ن لیگ کی حکومت سے پہلے 20، 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ تھی، نواز شریف نے 2018 میں عوام کو لوڈ شیڈنگ فری پاکستان دیا تھا، ہم زیرو پر لوڈشیڈنگ لا کر دکھائیں گے، فتنہ خان کی حکومت کے بعد شہباز شریف کی حکومت کو 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ملی۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ شہباز شریف کے سٹاف سے پوچھا شہباز شریف کب اٹھتے ہیں، سٹاف نے بتایا کہ شہباز شریف تہجد پڑھ کر ایکسرسائز کرتے ہیں، پھر فجر کے بعد کام شروع کر دیتے ہیں، عمران خان 12 بجے سے پہلے نہیں اٹھتا تھا، فتنہ خان پنجاب پر پھر نظر لگا کر بیٹھا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں ایک ڈالر میں تیل سستا ہوا تو شہباز شریف عوام کو اسی وقت ریلیف دیں گے، آج پنجاب کی تاریخ کا ریلیف پیکج حمزہ شہباز دینے جا رہے ہیں، عمران خان کا چیلنج شہباز شریف نے قبول کیا ہے سب کچھ ٹھیک کرکے دکھائیں گے، فتنہ خان نے بار بار احتجاج کی کال دی لیکن کوئی احتجاج میں شامل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ قوم جانتی ہے کہ مہنگائی والے کا نام عمران خان ہے، کرسی کیا گئی دماغی توازن بگڑ گیا ہے، 75سال میں ایسا سیاستدان دیکھا ہے جو نیوٹرلز کو جلسوں میں کہتا ہے کہ مجھے اقتدار میں لے کر آؤ، عمران خان احسان فراموش آدمی ہے، عمران خان کو نیوٹرلز نے انگلی پکڑ کر چلایا، سابق وزیراعظم کو بیساکھیوں کی عادت پڑ گئی تھی، بیساکھیاں گئیں تو دھڑام سے نیچے گر گیا۔ مریم نواز نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کی بیوی کہتی ہے کہ پاکستان کے اداروں کے خلاف مہم چلاؤ، انہوں نے عوام کو تکلیف خود کو ریلیف دیا، عمران خان سے بڑا پنجاب دشمن کوئی نہیں، سب سے بڑا ڈاکا فتنہ خان نے پنجاب کے وسائل پر ڈالا، پنجاب کو چلانے کیلئے کٹھ پتلیاں رکھی ہوئی تھیں، پنجاب کی ترقی کا دشمن فتنہ خان ہے، پنجاب کے عوام کے پیسے بنی گالا جاتے تھے، 17 جولائی کو لاہور سے شیر کی آواز آئے گی، توشہ خان سن لو 17 جولائی کو پنجاب سے بھی تمہاری سیاست کا صفایا ہوجائے گا، عمران خان دور میں عوام غریب اور اس کے سوتیلے بچے امیر ہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق مریم نواز نے مزید کہا کہ پنکی پیرنی کی فرح بچی پورا صوبہ کھا گئی۔دریں اثناء گزشتہ روز پی پی 158کے علاقے دھرمپورہ میں لیگی امیدوار رانا احسن شرافت نے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا نواز شریف نے حکومت لینے کا مشکل فیصلہ نہ لیا ہوتا تو آج شاید بجٹ پیش نہ ہوتا۔ معلوم نہیں، کیسے حالات ہوتے۔ رکن قومی اسمبلی شیخ روخیل اصغر نے کہا کہ اب ماں باپ دعا کرتے ہیں کہ بیٹی ہو تو مریم نواز جیسی ہو۔ عظمیٰ بخاری نے کہا ہمیں امپورٹڈ کا طعنہ دیتے ہیں خود کے بچے باہر ہیں۔

مزیدخبریں