اسلام آباد‘ سیالکوٹ (نوائے وقت رپورٹ‘ نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ ڈونلڈ لو سے پی ٹی آئی نے معافی مانگ لی ہے، ہم نے اس سے متعلقہ تمام ریکارڈ حاصل کر لیا ہے۔ پی ٹی آئی کے راہنما کی ملاقات اور امریکی حکومت سے معافی تلافی کی تمام تفصیلات اور شواہد ہمارے پاس آ چکے ہیں ۔ پاکستان میں امریکہ کے خلاف نعرے لگانے والا امریکہ کے پیر پکڑ رہا ہے۔ عمران خان نے پیغام دیا ہے کہ ہم سے غلطی ہوگئی ہے، سلسلہ وہیں سے شروع کیا جائے جہاں سے ٹوٹا تھا ۔ عمران خان نے امریکی سفارت کار کو پیغام دیا ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ معاملات ٹھیک کرنا چاہتے ہیں ۔ عمران خان کی ہوا نکل گئی ہے، ڈونلڈ لو سے منتیں ترلے کئے جا رہے ہیں۔ خواجہ آصف نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ عمران خان سے اقتدار چھن گیا ہے اس لئے وہ اداروں پر حملہ آور ہیں۔ عمران خان کے لوگ امریکہ سے معافی تلافی کر رہے ہیں۔ عمران خان کو اداروں پر الزامات لگاتے ہوئے شرم آنی چاہئے۔ پی ٹی آئی کے اتحادی کافی مہینوں سے ہمارے ساتھ رابطے میں تھے۔ عمران خان کو ضمنی انتخابات میں اپنی شکست نظر آ رہی ہے۔ پارٹی نے مفتاح اسماعیل پر عدم اعتماد نہیں کیا۔ مفتاح اسماعیل کابینہ کی منظوری سے فیصلے کر رہے۔ اگر بشریٰ بی بی کی آڈیو جعلی ہے تو فرانزک کروا لیں۔ پی ٹی آئی عدالت میں درخواست دے آڈیو کی تھرڈ پارٹی سے فرانزک کروا لیتے ہیں۔ اگر آرٹیکل 6 کے لوازمات پورے ہوتے ہیں تو عمران خان کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ اسحاق ڈار کبھی بھی واپس آ سکتے ہیں۔ دریں اثناء سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ دھاندلی زدہ سابق وزیراعظم اقتدار کھو جانے سے حواس باختہ ہوچکا ہے۔ یہ شخص محسن کش اور احسان فراموش ہے، اس شخص کا ماضی گواہ ہے۔ اس کی حکومت کو جن اداروں نے اس امید پر سہارا دے رکھا تھا کہ شاید یہ ڈیلیور کردے اور اب یہ اس ادارے کی قیادت میں بھی انتشار پھیلانے کیلئے زہر اگل رہا ہے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ماضی میں جب ہماری حکومت میں بھی فوجی مداخلت ہوئی ہم نے بھی اس مداخلت کی مخالفت کی لیکن کبھی یہ نہیں چاہا کہ پاکستان کی دفاع کا ضامن سب سے بڑا ادارہ انتشار کا شکار ہو۔ خواجہ محمد آصف نے کہاکہ 20سال قبل عمران خان کے متعلق جو پیش گوئیاں کی گئیں وہ ایک ایک کرکے سچ ثابت ہورہیں ہیں۔ لوگوں کو علم ہے اور سوشل میڈیا پر جو مواد ہے میں اس کو دہرانا نہیں چاہتا۔ بس اتنا ہی کہوں گا کہ جوشخص اپنے خون کا وفادار نہیں وہ ریاست یا اداروں کا کیا وفادار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران کا ایک ہی مشن ہے وہ ایٹمی پاکستان کو کمزور بنانا چاہتا ہے اور چاہتا ہے کہ اس ملک کے ادارے کمزور ہوں اور وہ چور دروازے سے اقتدار پر قبضہ کرلے۔ اب عمران پر اقتدار میں آنے کے تمام دروازے آہستہ آہستہ بند ہورہے ہیں۔ عمران خان کا ایجنڈا ملک میں انتشار اور فساد پھیلانا‘ ان کے گرد قانون کا گھیرا تنگ ہو رہا ہے۔ شفاف انتخابات پر یقین رکھتے ہیں۔