جامن طبّی خواص سے بھر پور پھل

اللہ تعالیٰ کی  بے شمار نعمتوں میں ایک گرانقدر انمول نعمت موسمی کیفیات کے مطابق پھل ہیں جو انسان کیلئے لذت ،غذا ،ذائقہ اور بقائے صحت کے حوالے سے اچھوتی اہمیت کے حامل ہیں۔ان انگنت پھلوں میں ایک پھل جامن  بھی ہے۔جا من موسم گرما کا ایک خوشذائقہ ، فرحت بخش اور طبی خواص کا حامل پھل ہے۔یہ پاکستان سمیت برِصغیر کے ممالک میں بکثرت پایا جاتا ہے۔پاکستان میں آم،آڑو،خوبانی اورآلو بخارا کے ساتھ ہی اس کی برداشت شروع ہو کر مارکیٹوں میں پہنچ جاتا ہے۔اس کا پودا سدا بہاراور عمر100سال تصور ہوتی ہے۔قدرت نے نہ صرف اس کے پھل بلکہ اس کی گٹھلیوں کا سفوف،پتوں ،چھال،پھولوں میں مختلف طریقوں سے استعمال کرنے سے انسانی صحت کا  ذخیرہ بھر دیا ہے۔ جامن میں کیلشیم،میگنیشیم،آئیوڈین اور انسولین کی مناسب مقدار پائی جاتی ہے۔ حکیم و معالجین اس کی تاثیر و خاصیت سے اچھی طرح واقف ہیں ۔ اس لئے کیمیائی تجزیہ اور اطباء کے مطابق  اس کے گودے میں83.7 فیصد پانی ،14فیصد کاربوہائیڈریٹس،0.87فیصد پروٹین اور0.3فیصد چربی موجود ہے۔علاوہ ازیں جامن میں وٹامن اے،بی،سی،میلک ایسڈ،فولک ایسڈاور خوشبودار تیل کی موجودگی بھی ہے۔جامن میں وٹامن سی انسانی جلد کی صحت کے ضامن ہیں۔جامن فولاد سے بھر پور ہے۔یہ تمام اجزاء انسانی صحت کیلئے جادوئی ٹانک سے کم نہیں ہیں۔اس میں شامل گلوکوسائیڈ نشاستے کو گلو کوز میں تبدیل ہونے سے روکتا ہے۔یہ اسٹارچ کو انرجی میں تبدیل کر کے بلڈ شوگر کی سطح کو معمول پر رکھتا ہے۔اس لیے اس کا استعمال شوگر کے مریضوں کی صحت کیلئے ایک تیر بہدف ہے۔کھانے کو ہضم کرنے میں معاون ہے۔جامن پیاس کی شدت کے احساس میں کمی اور لو لگنے کے اثرات کم کرتا ہے اس لئے قدرت کا اسے گرمیوں میں پیدا کرنے کا راز پوشیدہ ہے۔جسم کو تقویت بخشتا اور خون کی کمی کیلئے اکسیر ہے۔جگر معدے کو طاقت اور بھوک بڑھانے میں معاون اور امراض قلب میں بھی مفید ہے۔ جگر اور تلی کے ورم میں فائدہ اور متلی معدے کی تیزابیت میں بہترین اثرات کا حامل ہے۔بہت سی ادویات کی تیاری کا اہم جزو ہے۔خون کے گاڑھے پن کا خاتمہ کرکے دل کو پچیدہ امراض سے بچاتا ہے۔انیمیامیں مبتلا افراد کیلئے ادویائی خواص رکھتا ہے۔اس کا استعمال جگر کو کینسر جیسے موذی مرض سے بچاتا ہے۔اس سے نظام انہظام درست اور دانتوں کی صحت بحال رہتی ہے۔مثانہ کی کمزوری کا خاتمہ ہوتا ہے۔  آج کل پاکستان میں اس کی برداشت کا سیزن چل رہا ہے اسے اپنی غذا کا حصہ بنا کر قدرت کی اس انمول نعمت سے عوارضات میں تدبیر کا بھر پور فائدہ و لطف اٹھائیں ۔

ای پیپر دی نیشن