صنعتی شعبہ بجلی ، گیس کی لوڈشیڈنگ سے متثنٰی قرار دیا جائے : یونائٹیڈ بزنس گروپ

  لاہور (کامرس رپورٹر )فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس میں یونائٹیڈ بزنس گروپ نے حکومت پر زور دیا ہے کہ صنعتی شعبہ کو بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے تاکہ برآمدی اہداف کو بروقت پورا کرنے کیساتھ ساتھ کمزور معیشت کو مضبوط بنایا جا سکے۔ چیئرمین یونائیٹڈ بزنس گروپ شہزاد علی ملک، ستارہ امتیاز، نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ صنعتی شعبہ معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور معاشی و سماجی ترقی میں تیزی لانے کے لیے دنیا بھر میں صنعت کو ہر ممکن مراعات دی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبہ معاشی ترقی کا انجن ہے، لہذا حکومت وسیع تر قومی مفاد میں صنعتوں، خاص طور پر برآمدی صنعتی یونٹس کو گیس اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائے بصورت دیگر ہماری تباہ حال معیشت مزید نقصانات کا شکار ہو جائے گی، جس سے افرادی قوت بے روزگار اور زرعی ترقی و پیداوار متاثر ہو گی۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور فصلوں کی کاشت کے لیے درکار پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے زراعت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوگا۔ شہزاد ملک نے کہا کہ توانائی کا شعبہ گزشتہ صدی کے دوران صنعتی ترقی کا ایک اہم محرک رہا جو باقی معیشت کو رواں رکھنے کیلئے ایندھن فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے صنعتی شعبہ کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے قابل تجدید توانائی کے وسائل سے بھرپور استفادہ کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کسی بھی صنعت کی لائف لائن ہیں، جس کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا ۔اس لیے حکومت کم از کم دو شفٹوں کے لیے ان کی دستیابی کو یقینی بنائے تاکہ برآمدی آرڈرز بروقت مکمل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی پالیسی فیصلہ لینے سے قبل سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے تو تاجر برادری اس نازک بحران میں حکومت کیساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔ شہزاد علی ملک نے امید ظاہر کی کہ حکومت ان کے جائز مطالبات پر ہمدردانہ غور کرتے ہوئے معیشت کو تباہی سے بچانے کے لیے جرات مندانہ فیصلہ کرے گی۔

ای پیپر دی نیشن