لاہور( کامرس رپورٹر )پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میجر (ر) اختر نذیر نے کہا ہے کہ رواں سال ستمبر میں پاکستان میں منعقد ہونے والی کارپٹ کی عالمی نمائش دنیا میں پاکستانی مصنوعات کو روشناس کرانے اور انڈسٹری کیلئے تقویت کا باعث بنے گی ، زیادہ سے زیادہ غیر ملکی خریداروں اور مندوبین کو پاکستان لانے کیلئے بھرپور جدوجہد جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے کارپٹ کی صنعت سے وابستہ نمائندوں سے عالمی نمائش کی تیاریوں کے سلسلہ میں ملاقات کے موقع پر کیا۔جبکہ آئندہ انتخابات کے شیڈول کا بھی اعلا ن کردیا گیا۔ اجلاس میں کے پرویز حنیف، عبد اللطیف ملک، اعجاز الرحمان، ریاض احمد، سعید خان، عثما ن اشرف سمیت دیگر بھی موجود تھے۔میجر (ر) اختر نذیر نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ کارپٹ ایسوسی ایشن کی نمائشوں کے ذریعے غیر ملکی خریداروںکاپاکستان پر اعتماد بحال ہوا اورہر سال اس تعداد میں اضافہ دیکھا گیا۔ امسال بھی یہی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ غیر ملکی خریداروں کو پاکستان لایا جائے اور انہیں یہاں بہترین سہولتیں دی جائیں جس سے پاکستان کا سوفٹ امیج اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ موجودہ حالات میں قالینوںکے مینو فیکچررز اور برآمدکنندگان شدید مشکلات سے دوچار ہیں اس لئے اعلیٰ حکومتی اور سرکاری حکا م سے درخواست ہے کہ تجاویز سے آگاہی کیلئے ملاقات کی جائے۔
کارپٹ کی عالمی نمائش، پاکستان کا سافٹ امیج اُجاگر کرنے میں مدد گار، ایسوسی ایشن
Jul 04, 2022