مظفرآباد(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے مرکزی رہنما و امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ ویلی 6 خان عبدالناصر خان نے سے کہا ہے کہ 1985 سے لے کر اب تک مہاجرین، مقبوضہ کشمیر کی فلاح و بہبود کے لیے رہائشی کالونیوں کی تعمیرات، پلاٹوں کی آلاٹ منٹ، جعلہ ڈومیسائل اور ترقیاتی فنڈز میں ہونے والے گھپلوں، خوربرد فرضی جعلی کارروائیوں کی تحقیقات کے لیے احتساب بیورو تمام ریکارڈ قبضے میں لے کر لوٹی ہوئی رقم واپس اور تجوریاں بھرنے والوں کو تاحیات نااہل قرار دیا جائے۔ وزیراعظم تنویر الیاس 15 لاکھ سے زائد مہاجرین مقیم پاکستان کے ساتھ انصاف اور ہمدردی کرتے ہوئے بااختیار تحقیقاتی کمیشن تشکیل دے کر لوٹ مار کرنے والوں قوم کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔ وہ اپنے حلقہ انتخاب کے دورہ کے موقع پر معززین سے ملاقاتوں کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں۔ خان عبدالناصر خان نے کہا کہ سابق صدر ریاست، سابق وزیراعظم میرے دادا خان عبدالحمید خان سمیت سارے خاندان نے ہمیشہ عوام کی بلاتخصیص خدمت کی ہے۔ ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کے وقار، عوام کی خوشحالی، مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی، آئین قانون کی بالادستی، جمہوریت کے استحکام کی خاطر پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا اور قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ہاتھ مضبوط کیے۔ ہم بھی چئیرمین، وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری، سیاسی امور کی چیئرپرسن محترمہ فریال تالپور کی قیادت میں عوام دشمن قوتوں کا راستہ روک کر پارٹی کی کامیابی کے لیے دن رات محنت کریں گے تا کہ بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم منتخب ہو کر ملک اور قوم کی ترقی کے لیے اپنے اہداف حاصل کر سکیں۔ ایک سوال کے جواب میں خان عبدالناصر خان نے کہا کہ آزادکشمیر حکومت قانون پر عملدرآمد ضرور کرے لیکن پسند ناپسند کی بنیاد پر سرکاری آفیسران کی تذلیل، عزت نفس مجروح کر کے ہتھکڑیاں لگانے کے انتقامی طرزِ حکمرانی کو قوم کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔ وزیراعظم تنویر الیاس ہمارے لیے قابلِ عزت و احترام ہیں لیکن ان کے اردگرد بیٹھا ٹولہ اقتدار کی لالچ میں ہر اقتدار میں آنے والی سیاسی پارٹی اور اس کے حکمران کے اردگرد خوش آمد کرتے، غلط مشورے دیتے رہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم تنویر الیاس کی کابینہ میں ایسے لوگ بھی ہیں جو دن کو حمایت میں قلابے بھرتے ہیں اور رات کو اپوزیشن رہنماؤں کو پوائنٹ بتا کر ان کے خلاف بیانات دینے کی ترغیب بھی دیتے ہیں۔ اس لیے وہ آستین کے سانپوں سے بچیں اور غیر جانبدار فیصلے کریں۔ انہوں نے کہا کہ بعض عقل کے اندھے بہادر افواج پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے اس کی کردار کشی میں مصروف ہیں سوائے چند ایک مفاد پرستوں کو چھوڑ کر پاکستانی کشمیری قوم ناقابل تسخیر دفاع اور کشمیر کی آزادی کے لیے بہادر افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کا بازو شمشیر زن ثابت ہوں گی۔