میرپور( نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف ضلع میرپور کے صدر چوہدری محمد صدیق ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی شخصیت اقوام عالم میں کشمیریوں کی پہچان اور شان ہے، جعلساز، نااہل اور حادثاتی سابق ممبران اسمبلی کا بیرسٹر سلطان خاندان پر بہتان تراشی آسمان پر تھوکنے کے مترادف ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن کے سابق ممبران اسمبلی کی جانب سے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری پر بہتان تراشی پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ چوہدری محمد صدیق ایڈووکیٹ نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود کا خاندان قیام پاکستان سے قبل سے ملکی و عوامی سیاست میں مصروف عمل ہیں، بیرسٹر سلطان محمود 5 سال وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کے منصب پر فائز رہے لیکن آج تک اس فیملی پر کرپشن کا کوئی الزام عائد نہ کر سکا جبکہ 14 اگست 1947 قیام پاکستان سے قبل بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے والد محترم چوہدری نور حسین الحاق پاکستان کی تاریخی قرارداد کے داعی ہیں اور چوہدری نور حسین مرحوم و چوہدری خادم حسین مرحوم زندگی بھر تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے اور عوامی مسائل کے حل میں مصروف عمل رہے۔ اور اپنے آباؤ اجداد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے قائد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی زندگی کا محور کشمیر کاز اور آزاد خطہ کے عوام کی بلا امتیاز خدمت ہے۔
بیرسٹر سلطان اقوام عالم میں کشمیریوں کی پہچان اور شان ہیں:محمد صدیق
Jul 04, 2022