خواجہ آصف عادتاً جھوٹے‘ کنفیوژن پھیلانے کیلئے کوشاں رہتے ہیں: فواد چودھری

Jul 04, 2022

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) سینئر نائب صدر تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا ہے کہ خواجہ آصف عادتاً جھوٹے، ٹیڑھی میٹھی گفتگو سے کنفیوژن پھیلانے کیلئے کوشاں رہتے ہیں۔ خواجہ آصف کے خیالات کو سنجیدگی سے لینا خود سنجیدگی کی توہین ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ ڈونلڈ لو کا کردار اس مراسلے میں درج ہے جسے یہ سارا امپورٹڈ ٹولہ جھٹلاتا ہے۔ ڈونلڈ لو کا جو کردار عمران خان نے بے نقاب کیا اسکی توثیق کرائم منسٹر شہباز شریف کی زیرِصدارت قومی سلامتی کونسل نے کی۔ امریکی ایما  پر منتخب جمہوری حکومت کیخلاف سازش کرنے والے اب بھی امریکی خوشنودی کیلئے بیانیے بناتے ہیں۔ کل پوری قوم نے خواجہ آصف کے پاکستان کے امریکی وینٹیلیٹر والا شرمناک بیان دوبارہ دیکھا۔ عمران خان نے ہمیشہ امریکی ایجنڈے کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے قومی مفاد پر اپنے بیانیے کی بنیاد رکھی۔ فواد چودھری نے کہا کہ 400 سے زائد ڈرون حملوں کی مخالفت کرنے والے تنہا قائد کا نام عمران خان ہے۔ ڈرون اڈوں پر تاریخی ایبسولیوٹلی ناٹ عمران خان کا مؤقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ایبسولیوٹلی ناٹ پر کرائم منسٹر ، اسکے بیٹے سمیت پورے شریف دربار کے پیٹ میں درد اٹھتا۔ پوری قوم نے دیکھا افغانستان میں سیاسی گفت و شنید کے ذریعے امن کی بحالی کا رستہ تلاش کرنے میں کلیدی کردار عمران خان کا ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ پیروں میں لوٹنا اور امریکہ سمیت بیرونی قوتوں کی خوشنودی کو مقصد حیات بنانا شریفوں کے درباریوں کی پہچان ہے۔ غیرت و حمیت سے اجنبی گروہ افواہ سازی کے ذریعے اپنی خاک آلود عزت بحال نہیں کرسکتا۔
فواد چودھری

مزیدخبریں