لاہور(شہزادہ خالد۔ساجد چودھری) سنی علما کونسل کے زیر اہتمام نوائے وقت گروپ کے مجید نظامی ہال میں گولڑہ شریف کے پیر سید شاہ عبدالحق گیلانی کی یاد میں مجلس مذاکرہ کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت چیرمین سنی علما کونسل پاکستان علامہ نزاکت حسین گولڑوی نے کی ،مہمانوں میں سید اکبر علی شاہ پاکپتن شریف، نور اکبر شہباز، عطا محی الدین، راو یاسر علی، محمد فریاد گولڑوی ودیگر نے شرکت کی۔ نوائے وقت کی جانب سے ڈی جی آپریشن نوائے وقت کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے خصوصی شرکت کی۔ مقررین میںسید اکبر شاہ نے کہا پیر عبدالحق شاہ نے ساری عمر دین کی خدمت کرتے گزاری اور ختم نبوت کے مشن کو آگے بڑھایا، انہوں نے دینی درسگاہ بنائی جہاں ہزاروں طالب علم دین کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں ،گمراہی سے بچنے کا واحد طریقہ اسلام کی تعلیمات پر عملدرآمد کرناہے، آپ علم وعرفان کے خاموش سمندر تھے اور حافظ الحدیث تھے قرآن وحدیث شریعت مطہرہ کے اصول وفنون میں ید طولی رکھتے تھے ،ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں جب قادیانیوں کو کافر قرار دیا گیا تو قادیانی وفاقی شرعی عدالت ،ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں اپنے دفاع کے مقدمے کے لئے گئے تواس وقت عبدالحق گیلانی اور پیر غلام معین الدین گیلانی دونوں بھائیوں نے قادیانیوں کا مکمل تعاقب کر کے انہیں اقلیت قرار دلوایا،یہ آپ کا بہت بڑا کارنامہ تھا۔ نزاکت علی گولڑوی نے کہا وہ نوائے وقت کے بے حد مشکور ہیں انہوں نے مذاکرہ کا انعقاد کیا، مجید نظامی مرحوم، سید عبدالحق شاہ کی بڑی عزت کرتے تھے ، عراق کے صدر صدام حسین پاکستان سے دو شخصیات کی وجہ سے محبت کرتے تھے ایک مجید نظامی اور دوسرے سید عبدالحق شاہ۔ مجید نظامی اکثر کہا کرتے تھے جب بھی عبدالحق شاہ کو دیکھتا ہوں تو پیر مہر علی شاہ کی یاد تازہ ہو جاتی ہے آپ نے ثابت قدمی، مستقل مزاجی اور احدمن الناس بن کر خدمت اور طریقت کو دوام بخشا اور قبلہ عالم پیر مہر علی شاہ کے فتاوی و نظریہ اور مسلک میں فرق نہ آنے دیا،70سال تک فریضہ حج کے لیے جاتے رہے ہیں۔ مدنی خاندان آپ کو جدہ ائیر پورٹ پر لینے کے لیے آتا رہا ۔ نور اکبر شہباز نے کہا شیخ سعدی نے فرمایا فی سبیل اللہ مخلوق خدا کو روٹی کھلانا کرامت ہے خود اپنے ہاتھوں سے روٹیاں لوگوں کو کھلاتے تھے ۔گولڑہ شریف میں لنگر بھی مخلوق خدا کی خدمت کے لیے قائم کیا گیا۔ عطا محی الدین نے کہا گولڑہ شریف میں روز مجلس ہوتی ہے،انکی زندگی اسلامی تعلیمات بانٹتے گزر گئی اور لوگوں کو سیدھے راستے اور ہدایت پر چلنے کی تلقین کرتے رہے ہمیشہ سچ کا پرچار اور نماز پڑھنے کی ہدایت کرتے رہے ۔ راو یاسر علی نے کہا ہمیں آستانہ عالیہ گولڑہ شریف سے جو سب سے بڑا سبق ملا ہے وہ ادب کا سبق ملا ہے اسی ادب کے صدقے ہمیں زندگی میںہر جگہ کامیابی ملی اور یہی صوفیا اکرام کی برکت ہوتی ہے یہاں آ کر دل کوسکون اور اطمینان ملا اور میں نے ہدایت پائی شاہ صاحب نے ہمیشہ لوگوں کو حضورپاک صلی اللہ علیہ الہ وسلم کی تعلیمات پر کاربند رہنے کا حکم دیا اور نماز پڑھنے اورسچ بولنے کی تلقین کی اور خون ریزی کرنے سے منع فرمایا ۔ محمد فریاد گولڑوی نے کہا مجھ سمیت میرے پورے خاندان کو یہاں آ کر سکون ملا گولڑہ شریف حقیقی معنوں میں بھٹکے ہوئے لوگوں کو سیدھا راستہ دکھا رہا ہے۔ مقررین نے اس بات کو دہرایا ادارہ نوائے وقت ایم ڈی رمیزہ مجید نظامی کی قیادت میںمجید نظامی کی قدروں کو لیکر آگے چل رہا ہے اور نظریاتی سرحدوں کی حٖفاظت مجید نظامی کے بعد ایم ڈی نوائے وقت گروپ رمیزہ مجید نظامی کررہی ہیں۔ کرنل(ر) سید احمد ندیم قادری نے کہا پاکستان کو بنے75سال ہونے کو ہیں لیکن ابھی تک ہم اس میں اسلام کو صحیح معنوں میں نافذ نہیں کر سکے یہ واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا انہوں نے کہا ہم سب کو اپنے گھر سے شروع کرنا چاہیے گھر کا سربراہ اپنے گھر میں دین نافذ کرے گا تو پورے ملک میں نافذ ہو جائے گا پاکستان صوفیا اکرام کی دعاوں اور برکتوں سے وجود میں آیا صوفیا اکرام نے برصغیر کے بھٹکے ہوئے لوگوں کو رہنمائی دی۔
مجلس مذاکرہ
مجید نظامی ہال میں گولڑہ شریف کے پیر شاہ عبدالحق گیلانی کی یاد میں مجلس مذاکرہ
Jul 04, 2022