اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ) چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن (سی ایم ای سی) نے پنجاب کے ضلع جھنگ میں 1,263 میگاواٹ کے تھرمل پاور پلانٹ کے پہلے یونٹ کا 7 روزہ قابل اعتماد ٹیسٹ رن کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ ایک اہلکار نے گوادر پرو کو بتایا کہ 400 میگاواٹ کی گیس ٹربائن 1 (جی ٹی 1) 6 جولائی کو رکی ہوئی مشینوں کے ہیٹ اور کولنگ سے متعلق کچھ ٹیسٹوں کے بعد کمرشل آپریشن شروع کرے گی۔ اہلکار نے کہا کہ پلانٹ ابتدائی صلاحیت کے ٹیسٹ سے بھی کامیابی سے گزرا اور 400 میگاواٹ کی گارنٹی کے مقابلے میں 403 میگاواٹ کی صلاحیت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ یونٹ پہلے ہی قومی گرڈ سے منسلک ہو چکا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق سی ایم ای سی پنجاب تھرمل پاور لمیٹڈ (پی ٹی پی ایل) کی ملکیت والے کمبائنڈ سائیکل پاور پلانٹ کا انجینئرنگ، پروکیورمنٹ اور کنسٹرکشن (ای پی سی ) کنٹریکٹ ہے۔ پی ٹی پی ایل نے اس سہولت کے لیے چین کے ہاربن الیکٹرک انٹرنیشنل کے ساتھ 12 سالہ آپریشنز اور مینٹیننس کا معاہدہ بھی کیا ہے۔اہلکار نے کہا کہ دوسری گیس ٹربائن (جی ٹی 2) بھی مختلف ٹیسٹوں سے گزر رہی ہے اور توقع ہے کہ ایک ماہ میں کمرشل آپریشن کی تاریخ ( سی ا وڈی ) حاصل کر لے گی۔
پاور پلانٹ