اسلام آباد (وقائع نگار) تحریک انصاف کے چیئرمین نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے توشہ خانہ کیس ٹرائل کے خلاف درخواستیں دوسرے بنچ کو منتقل کرنے کی درخواست دائرکر دی۔ دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو یقین ہے کہ اِس بنچ سے شفاف اور غیرجانبدار انصاف نہیں ملے گا۔ درخواست میں چیف جسٹس سے چیئرمین تحریک انصاف کی درخواستیں سننے سے معذرت کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ فیصلہ کرنے والا بنچ نہ صرف غیر جانبدار ہونا چاہیے بلکہ غیر جانبداری نظر بھی آنی چاہیے، چیف جسٹس کے بنچ سے غیر جانبدارانہ فیصلے کی توقع نہیں، الیکشن کمشن کے توشہ خانہ فیصلے کے خلاف درخواست ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہے۔ درخواست واپس لینے کی متفرق درخواست دائر کی لیکن زیرالتواءہے، اس عدالت سے درخواست واپس نہ ہونے کے باعث لاہور ہائیکورٹ میں بھی کیس زیرالتواءہے۔ مجھے زبردستی ٹرائل کا سامنا کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ استدعا کی گئی ہے کہ غیر جانبداری سے انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے چیف جسٹس یہ کیسز نہ سنیں۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ثاقب جواد کی عدالت میں زیر سماعت پی ٹی آئی رہنماو¿ں کے خلاف تھانہ کورال میں درج مقدمہ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی گئی۔