کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں پہلی بار کاروبار کے آغاز پر تاریخ رقم ہوگئی ۔ آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر کی ڈیل کے بعد کاروبار کے پہلے دن زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اور پاکستان سٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں پہلی بار کاروبار کا 2230 پوائنٹس اضافے کے ساتھ آغاز ہوا۔ کاروبار کے آغاز پر ہی ہنڈرڈ انڈیکس 43 ہزار کی سطح عبور کر گیا اور انڈیکس 2068 پوائنٹس اضافے سے 43521 تک جا پہنچا۔ جس کے بعد بزنس ایک گھنٹے کیلئے روکنا پڑا۔ ایک گھنٹے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا دوبارہ آغاز مثبت انداز میں ہوا اور ہنڈرڈ انڈیکس 5.62 فیصد اضافے سے 43783 پر چلا گیا۔ عید کے بعد پہلے کاروباری دن میں 100 انڈیکس ایک دن میں 2446 پوائنٹس کے ریکارڈ اضافے کے بعد 43 ہزار 899 پر بند ہوا۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آج 38 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 8 ارب 64 کروڑ روپے سے زائد رہی۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 318 ارب روپے بڑھ کر کاروبار کے اختتام پر 6 ہزار 687 ارب روپے ہے۔ کاروباری ہفتے کے آغاز میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری دیکھی گئی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 5 روپے سستا ہوگیا ہے، جس کے بعد ڈالرکا بھاو¿ 285 روپے ہے۔ عید سے قبل اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے کی کمی کے بعد 290 روپے پر بند ہوا تھا جب کہ انٹربینک میں ڈالر 72 پیسے سستا ہو کر 286 روپے 99 پیسے پر بند ہوا تھا۔ دوسری طرف سونے کی فی تولہ قیمت میں بھی ہزاروں روپے کمی ہوئی۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 8 ہزار 800 روپے کم ہو کر 2 لاکھ 7 ہزار 200 روپے ہوگئی۔ 10 گرام سونا 7544 روپے کم ہوکر ایک لاکھ 77 ہزار 641 روپے کا ہوگیا جبکہ عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کا بھاو¿ 6 ڈالر اضافے کے بعد 1912 ڈالر فی اونس ہے۔