پرائیویٹ سکیورٹی ریگولیٹری، ایچ ای سی ترمیمی بل ، لینڈ پورٹ اتھارٹی قانون سازی کی منظوری 

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ شرکاء نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی مذمت کی اور بلوچستان میں 6 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے بلندی درجات کیلئے دعا بھی کی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم ہاو¿س میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا تفصیلی طور پر جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ دیگر ایجنڈوں پر بھی غور ہوا۔ اجلاس میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن ترمیمی بل 2023ءکی منظوری دےدی گئی۔ وفاقی کابینہ نے پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی کیلئے قانون سازی کرنے کی بھی اصولی منظوری دی۔ پرائیویٹ سکیورٹی ریگولیٹری بل بھی منظور کر لیا گیا۔ قومی سپورٹس پالیسی 2022 تا 2027 اور افغان مہاجرین کیلئے پروف آف رجسٹریشن کا ایجنڈا کابینہ اجلاس میں پیش نہ ہو سکا۔ اجلاس میں عالمی ادارہ خوراک کیلئے آلات کی کراچی بندرگاہ سے منتقلی کا این او سی جاری کرنے، نیشنل کمیشن ہیومن ڈویلپمنٹ آرڈیننس میں ترامیم، وفاقی اردو یونیورسٹی آرڈیننس 2022 میں ترامیم اور اسلام آباد سالڈ ویسٹ منیجمنٹ پلان کی بھی منظوری دی گئی۔ ذرائع کے مطابق ہائیر ایجوکیشن کمیشن میں ترمیم کے بعد وزیر اعظم کو چیئرمین ایچ ای سی کو مدت ملازمت سے قبل ہٹانے کا اختیار ہو گا۔ کمیشن کی کنٹرولنگ اتھارٹی وزیر اعظم پاکستان ہوں گے۔ آرڈیننس کے مطابق کمیشن محض وفاقی حکومت کے چیف ایگزیکٹو کو جوابدہ تھا۔ مجوزہ ترمیم کے بعد ایچ ای سی ملک بھر میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کی واحد ریگولیٹری اتھارٹی ہو گی۔ چیئرمین ایچ ای سی کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہونے کی شق بھی اڑا دی گئی۔ 18ویں ترمیم کے بعد کمیشن کے اختیارات مزید کمزور ہوئے۔ کابینہ کمیٹی نے ترمیمی بل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے اضلاع شیرانی اور کیچ میں میجر ثاقب حسین سمیت 6 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعہ پر پوری قوم رنجیدہ ہے۔ شہداءکا مقدس خون قوم پر قرض ہے۔ پیر کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ قوم کے بہادر بیٹوں کی قربانیوں کی بدولت ہی پاکستان کی امن و سلامتی ممکن ہے۔ ہماری افواج کے جری جوان اندرونی و بیرونی دشمنوں کے خلاف آہنی دیوار ہیں۔ ایسی تمام کوششیں جو بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں ان کے حوالے سے ہمارا قومی عزم غیر متزلزل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا امن اور اس کی ترقی و خوشحالی ہمارے لئے سب سے مقدم ہے۔

ای پیپر دی نیشن