نواز شریف نے انتخابات کیلئے منشور کمیٹی بنانے کی ہدایت کردی، مریم کو ٹاسک مل گیا 

Jul 04, 2023

اسلام آباد دبئی (خبرنگار+ نیٹ نیوز) دبئی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائدین نے مستقبل کی سیاسی حکمت عملی تیار کر لی۔ نوازشریف نے عام انتخابات کے لیے منشور کمیٹی بنانے کی ہدایت کردی۔ جبکہ پارٹی بیانئے اور انتخابی منشور کی تیاری کا ٹاسک مریم نواز کو مل گیا۔ نوازشریف نے رہنما¶ں کو ہدایت کی کہ الیکشن کیلئے پارٹی بیانیہ نوجوانوں کو مدنظر رکھ کر بنایا جائے۔ منشور میں آسان قرضے، روزگار کے مواقع کا لائحہ عمل شامل کیا جائے گا۔ ملک کو نقصان پہنچانے والی جماعت کی پالیسیوں پر تنقید بھی منشور کا حصہ ہوگا۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے پاکستان پیپلزپارٹی سے انتخابی اتحاد کی خبروں کی تردید بھی کردی ہے۔ ن لیگی ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کی پیپلز پارٹی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی خبریں درست نہیں ہیں۔ ن لیگ نے انتخابی اتحاد کے حوالے سے ابھی تک کسی جماعت سے مشاورت نہیں کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی اتحاد میں شامل جماعتیں انتخابی اتحاد بھی کریں گی یا نہیں، یہ فیصلہ تو ابھی نہیں ہوا تاہم ن لیگ پنجاب سمیت تمام صوبوں میں انتخابی میدان میں اپنے امیدوار اتارے گی۔ مسلم لیگ ن پنجاب کی تنظیم نو کے لیے دبئی میں مسلم لیگ ن کی اعلی قیادت کا اہم اجلاس ہوا۔ صدارت پارٹی کے قائد نواز شریف نے کی۔ مریم نواز بھی شریک ہوئیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی کی صوبائی تنظیم کو کم از کم 2 یا زیادہ سے زیادہ 3 حصوں میں تقسیم کرنے پر غور کیا گیا۔ پنجاب کی تنظیم کو وسطی پنجاب اور جنوبی پنجاب یا شمالی، جنوبی اور وسطی پنجاب میں تقسیم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ پنجاب کی صوبائی تنظیم کی تقسیم کی تجویز مریم نواز نے دی اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے اس حوالے سے گرین سگنل دے دیا۔ وسطی پنجاب کی صدارت کے لئے میاں جاوید لطیف کے نام پر غور کیا جارہا ہے۔ جنوبی پنجاب کے صدر کے لئے سعود مجید اور محمود الحسن کا نام شامل ہے۔ شمالی پنجاب کے صدر کے لئے حنیف عباسی، عابد رضا کوٹلہ، شیخ آفتاب اور سہیل کمڑیال کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔ آئندہ عام انتخابات سے قبل پنجاب کی صوبائی تنظیم کی تقسیم کا باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا۔ تنظیم نو میں گذشتہ 5 سالوں کے دوران نواز شریف کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہنے والے لیگی رہنماﺅں کو پارٹی عہدوں سے نوازا جائے گا۔ آئندہ عام انتخابات کے لئے ٹکٹوں کی تقسیم میں تنظیم نو والے نئے عہدیداروں کی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ مسلم لیگ ن پنجاب کے موجودہ صدر رانا ثناءاللہ کو مرکزی تنظیم میں کوئی نیا عہدہ دئیے جانے کا امکان ہے۔ نواز شریف اپنی بیٹی مریم نواز کے ہمراہ آج دبئی سے سعودی عرب جائیں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں نواز شریف کی اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔ ان کی ممکنہ وطن واپسی کی تاریخ کا فیصلہ بھی دورہ سعودیہ میں متوقع ہے۔ 

مزیدخبریں