آئی جی کی شہریوں کے مسائل حل کیلئے کھلی کچہری ،ریلیف کے احکامات جاری

Jul 04, 2023


لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور شہریوں کے مسائل کے ازالے کیلئے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور شہریوں کے مسائل خود سن کر فوری ریلیف کیلئے احکامات جاری کئے۔ کچہری میں آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کی جانب سے پیش کردہ مسائل بھی سنے۔آئی جی پنجاب نے شہداءکی فیملیز کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے مزید اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آر پی اوز ، ڈی پی اوز مقامی سطح پر شہداءکی فیملیز کے ساتھ رابطے میں رہیں اور ہر ممکن ریلیف فراہم کریں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس ایک خاندان کی مانند ہے۔ بحیثیت سربراہ خاندان کے تمام افراد کی بہترین دیکھ بھال میری اولین ترجیح ہے۔ پوری فورس کی ہیلتھ سکریننگ مکمل کر لی گئی۔ ویکسینیشن اور تشخیص شدہ بیماریوں کے علاج کا عمل جاری ہے۔ ہمارے پھول پراجیکٹ سے پولیس ملازمین کے سپیشل بچوں کو علاج معالجے کی ہر ممکن سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ پولیس ملازمین کے بچوں کی اعلی تعلیم ، روزگار اور دیگر مسائل کے ازالے کیلئے ترجیحی اقدامات جاری رکھے جائیں۔

مزیدخبریں