نوازشریف ملک واپس آکر  اپنے دعوئوں کو عملی جامہ پہنائیں

مسلم لیگ ( ن) کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کے مسائل پر جلد قابو پا لے گی۔ برسر اقتدار آکر مہنگائی کا خاتمہ پہلی ترجیح ہوگی۔ مشکل حالات کا مقابلہ کرنے والے کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ نوازشریف نے کہا کہ آنے والے وقت میں ہم اقتدار میں آکر پاکستان سے مہنگائی ختم کر دیں گے۔ نوازشریف نے کہا آنے والا دور مسلم لیگ (ن) کا ہی ہے۔ (ن) لیگ نے ہمیشہ ملک کو مشکلات سے نکالا۔ اب بھی معاشی بھنور سے نکالیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی پوری توجہ ملکی معیشت ٹھیک کرنے پر ہے۔
اس وقت ملک جن بدترین بحرانوں سے گزر رہا ہے‘ ان میں معیشت کی زبوں حالی اور بدترین مہنگائی سرفہرست ہے جس سے عوام عملاً عاجز آچکے ہیں۔ ان بحرانوں سے نجات دلانے کیلئے ملک کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو امور حکومت چلانے کا نہ صرف وسیع تجربہ رکھتی ہو بلکہ اسے ملک و قوم کی حالت زار کا بھی بخوبی ادراک ہو۔ نوازشریف پاکستان کے تین بار وزیراعظم رہ چکے ہیں اور حکومتی امور کا تجربہ بھی رکھتے ہیں۔ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ وہ ملک کو موجودہ گھمبیر بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں اور برسر اقتدار آکر عوام کو مہنگائی کے عفریت سے نجات دلا کر انکے مسائل حل کر سکتے ہیں تو انہیں ملک واپس آکر اپنی پارٹی کی قیادت کرنی چاہیے تاکہ پارٹی ورکروں کے بھی حوصلے بلند ہوں اور عوام کو بھی ان پراعتماد ہو کہ حقیقی لیڈر ملک میں بیٹھ کر ہی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتا ہے۔ باہر بیٹھ کر پارٹی امور چلانے سے نہ ورکرز مطمئن ہو پاتے ہیں اور نہ پارٹی سربراہ کو ملکی حالات کا صحیح ادراک ہو پاتا ہے۔ اگر میاں نواشریف قوم کو مستقبل کی اچھی تصویر دکھا رہے ہیں اور مہنگائی کے عفریت پر قابو پانے کے داعی ہیں تو قوم انکے دعوئوں پر تب ہی یقین کرپائے گی جب وہ ملک واپس آکر قوم کو ان بحرانوں سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کرینگے جس کیلئے اب ان کی راہ میں کوئی قانونی رکاوٹ بھی حائل نہیں۔

ای پیپر دی نیشن