لاہور(کامرس رپورٹر) آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے ملک میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کوپورا کرنے کے تناظر میں جھل مگسی گیس منصوبہ پر کام دوبارہ شروع کردیاہے۔جدید ترین گیس پراسسنگ پلانٹ جو یومیہ پیداوار 13.7 ایم ایم ایس سی ایف گیس پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے کے دوبارہ کام کے آغاز سے پاکستان کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو کچھ حد تک پوری کرنے میں مددملے گی۔اس پلانٹ کی تنصیب آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل)کے اس علاقہ میں تیل اور گیس کی مزید دریافت اور پیداوار کے عزم کی عکاس ہے۔کمرشل آپریشنز کے علاوہ کمپنی نے تعلیم، صحت، پانی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سماجی فلاح وبہبود کے کاموں کے ذریعے جھل مگسی میں مقامی آبادی کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے اپنے عزم کو بھی اجاگر کیا صحت کی سہولیات کو بڑھانے کی کوششوں کے طور پر او جی ڈی سی ایل نے جھل مگسی میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو ایمبولنس فراہم کی ہے۔اس کے علاوہ او جی ڈی سی ایل نے پینے کے صاف پانی کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ریورس اوسموسس(آر او) پلانٹ بھی نصب کیا ہے۔آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) ملک میں توانائی کی ضروریات کو پوراکرنے اور کمیونٹی کی بہتری کے اقدامات کے لئے اپنے عزم کے ساتھ جھل مگسی کی سماجی و معاشی ترقی کے لئے فعال کردار ادا کررہا ہے۔کمپنی کی کثیر جہتی سوچ جو قابل اعتماد توانائی کی فراہمی کو محفوظ بنانے اور علاقہ مکینوں کے معیار زندگی کو بڑھانے کے لیے وقف ہے، پاکستان کی انرجی سیکورٹی اور پائیدار ترقی کے حصول میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل)کی جانب سے گیس پروسیسنگ پلانٹ کی تنصیب او رکمیونٹی کی ترقی کی کوششیں مقامی آبادی کی فلاح و بہبود کے لیے نہ صرف ان کی لگن کو ظاہر کرتی ہے بلکہ ملک میں ذمہ دار کارپوریٹ ادارے کی ایک مثال بھی ہے۔